خبرنامہ پاکستان

بھارت کی پاکستان میں تعینات سفارتی عملےکواپنےبچےواپس بھیجنےکی ہدایت

نئی دلی:(اے پی پی) بھارت نے پاکستان میں تعینات اپنے سفارتی عملے کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو اسکولوں میں نہ بھیجیں یا انہیں واپس بھارت بھیج دیں۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان دوریاں بڑھتی جارہی ہیں جس کی حالیہ مثال بھارت کی جانب سے سفارتی عملے کے لئے نئے احکامات ہیں۔ بھارتی حکومت نے پاکستان میں تعینات اپنے عملے کو نیا فرمان جاری کیا ہے کہ سفارتی عملہ یا تو اپنے بچوں کو اسکول نہ بھیجے یا انہیں واپس بھارت بھیج دیں۔ بھارتی عملے کے تقریباً 50 بچے ایسے ہیں جو اسلام آباد کے پرائیوٹ اسکول میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان ویکاس سوارپ کا کہنا ہے کہ سفارتی عملے سے متعلق ہدایت نامہ جاری کرنا معمول کا کام ہے اور بھارتی ہائی کمیشن کے باہر احتجاجی مظاہروں کے بعد پاکستانی حکومت کو بھی کہا ہے کہ ہائی کمیشن کو بھرپور سیکیورٹی فراہم کرے- مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی بربریت کے نتیجے میں اب تک 58 کشمیری شہید اورہزاروں زخمی ہوچکے ہیں جس کی پاکستانی عوام اور حکومتی وعسکری حلقوں کی جانب سے شدید مذمت کی گئی۔