خبرنامہ پاکستان

بھارت گھٹیا حرکتوں پر اتر آیا

لاہور: (ملت+اے پی پی) بھارتی حکومت نے دریائے سندھ اور اس کے معاون مغربی دریاؤں کے پانی کو زیادہ سے زیادہ استعمال کرنے کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔ پانی کی تقسیم کے معاہدے سندھ طاس کے تحت دریائے سندھ، چناب اور جہلم جو مقبوضہ کشمیر میں سے گزرتے ہیں ان کا پانی پاکستان کی ملکیت ہے لیکن بد نیت مودی سرکار آئندہ چند برسوں میں ان دریاؤں کے پانی کو بھی ذخیرہ کرنے کا منصوبہ بنانے لگا ہے۔ اس مقصد کے لئے نہروں کا جال بچھایا جائے گا۔ ان اقدامات سے پاکستان کے زرخیز خطوں کے بنجر ہونے کے شدید خدشات لاحق ہو سکتے ہیں۔ بھارت پہلے ہی پاکستان کے حصے کے دو دریاؤں پر پن بجلی منصوبے تعمیر کر رہا ہے۔ ان میں 330 میگاواٹ کشن گنگا اور 850 میگا واٹ رتلے ڈیم شامل ہیں۔ رواں برس ستمبر میں مقبوضہ کشمیر میں اوڑی کے مقام پر بھارتی فوج پر حملوں کے بعد بھارت سندھ طاس معاہدے سے روگردانی کا منصوبہ بنا رہا ہے۔ بھارت ان حملوں کا الزام پاکستان پر لگا کر اسے اسکے حق سے محروم کرنے کی سازش کر رہا ہے۔