خبرنامہ پاکستان

بہت لوگ بے نقاب ہوں گے، سلیم شہزاد

بہت لوگ بے نقاب ہوں گے، سلیم شہزاد
کراچی:(ملت آن لائن) ایم کیوایم کے سابق رہنما سلیم شہزاد کا کہنا ہےکہ حماد صدیقی کو عدالت میں پیش کرنا چاہیے اس سے بہت سے لوگ بے نقاب ہوں گے۔ کراچی کی عدالت میں سلیم شہزاد کے خلاف جلاؤ گھیراؤ اور اقدام قتل کےمقدمات کی سماعت ہوئی جس کے سلسلے میں سلیم شہزاد اور ایس ایس پی راؤ انوار بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ ایم کیوایم کے سابق رہنما سلیم شہزاد کا کہنا تھاکہ ایم کیوایم کے یادگار شہدا پر جانے پر کوئی رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ 16 دسمبر کو اورنگی ٹاؤن میں جلسے سے خطاب کروں گا، ہماری پارٹی میں متحدہ کارکن ضرور شامل ہوں گے، کورکمیٹی پریس کانفرنس میں پارٹی کا نام اور عہدوں کا اعلان کرےگی۔ سلیم شہزاد کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم پرمستقبل میں مزید مشکلیں آئیں گی، سلمان مجاہد کی طرح اور بھی لوگ متحدہ کو چھوڑیں گے، جو لوگ نالاں ہیں وہ کہیں نہ کہیں تو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نئی پارٹی کا اعلان جلد کروں گا، نئی پارٹی میں نئے لوگ ہوں گے، لیکن ہماری جماعت میں جرائم پیشہ کے لیے دروازے بند ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں سلیم شہزاد کا کہنا تھا کہ حماد صدیقی کو عدالت میں پیش کرناچاہیے، اس سے بہت لوگ بے نقاب ہوں گے۔ عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو میں ایس ایس پی ملیر راؤ انوار نے کہا کہ عدالت میں اپنا بیان قلمبند کرا دیا، دوبارہ اس کیس میں پیش نہیں ہونا پڑے گا۔