خبرنامہ پاکستان

بیرسٹرفہد قتل کیس کا مرکزی ملزم راجا ارشد گرفتار

اسلام آباد: (آئی این پی) بیرسٹر فہد قتل کیس میں اہم کامیابی مل گئی ، مرکزی ملزم راجا ارشد طورخم بارڈر سے افغانستان فرار ہوتے ہوئے پکڑا گیا ۔ دوسرے نامزد ملزم نومی کھوکھر کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا ۔ بیرسٹر فہد قتل کیس میں اہم پیش رفت ، مرکزی ملزم بیرون ملک فرار ہوتے پکڑا گیا ۔ سنسنی خیز انکشافات کا امکان ۔ ملزم راجا ارشد اسلام آباد سے بھاگ کر طورخم بارڈر پہنچا ۔ کوشش تھی قانون کو چکمہ دے کر افغانستان فرار ہوجائے لیکن ملزم کی ہوشیاری کام نہ آئی اور پکڑا گیا ۔ راجا ارشد نے دوران تفتیش خود کو اسلام آباد کا رہائشی بتایا ۔ اس سے پاسپورٹ بھی برآمد ہوا جس پر امریکا کا ویزہ لگا ہوا ہے ۔ ملزم کو تحصیلدار طورخم کے حوالے کیا گیا جس کے بعد اسے لنڈی کوتل حوالات رکھا گیا اور اب اسے واپس اسلام آباد منتقل کیا جائے گا ۔ بیرسٹر فہد قتل کیس کا مرکزی ملزم اسلام آباد سے طورخم بارڈر کیسے پہنچا ۔ کئی سو کلومیٹر طویل راستے میں اسے کہیں بھی چیک کیوں نہیں کیا گیا ۔ امریکا کا ویزہ بتاتا ہے کہ فرار کے لیے مکمل پلاننگ کی گئی ۔ افغانستان میں بھی سہولت کار سے رابطے کیے گئے ۔ مزید تفتیش میں مرکزی ملزم راجا ارشد سنسنی خیز انکشافات کرسکتا ہے ۔ دوسری طرف قتل کیس کے دوسرے نامزد ملزم نعمان عرف نومی کھوکھر کو جسمانی ریمانڈ پورا ہونے پر عدالت میں پیش کیاگیا ۔ پولیس کی درخواست پر عدالت نے مزید تین روزہ ریمانڈ دے دیا اور ہدایت کی کہ اگلی پیشی سے پہلے ملزم کا میڈیکل چیک اپ بھی کرایا جائے ۔