خبرنامہ پاکستان

بینظیر بھٹو کے قتل کی تحقیقاتی رپورٹ ابھی تک منظر عام پر نہیں آئی، عبدالوسیم

اسلام آباد :(اے پی پی)متحدہ قومی موومنٹ کے رکن قومی اسمبلی عبدالوسیم نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو کے قتل کی تحقیقاتی رپورٹ ابھی تک منظر عام پر نہیں آئی، احتساب چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں ہونا چاہئے ۔ جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس کے معاملہ پر وزیر اعظم نے کمیشن بنانے کا اعلان کیا جو مثبت طرزعمل ہے لیکن کچھ لوگ اس کمیشن کے کام کرنے کے طریقہ کار اور شرائط وضوابط کو متنازعہ بنا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے حوالے سے چیف جسٹس کی سربراہی میں بے رحمانہ احتساب شروع ہونا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اس وقت نیک نام لوگوں کی کمی نہیں ، سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو کے قتل کی تحقیقات عالمی ادارے سے بھی کرائی گئیں مگر حقائق ابھی تک قوم کے سامنے نہیں لائے جا سکے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پڑوسی ملک بھارت کے ساتھ بات چیت کے دروازے بند نہیں ہونے چاہیں ۔ بھارت کے ساتھ تعلقات میں برابری کی بنیاد پر پیش رفت ہونی چاہئے۔