خبرنامہ پاکستان

بیوروکریٹس کی ترقیوں کے عمل کو سیاسی رشوت ستانی کا وسیلہ بنانا شرمناک بھی ہے

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات و ترجمان نعیم الحق نے کہا ہے کہ بیوروکریٹس کی ترقیوں کے عمل کو سیاسی رشوت ستانی کا ایک وسیلہ بنانا افسوسناک ہی نہیں شرمناک بھی ہے۔نواز حکومت کے بیشتر اقدامات سے محسوس ہوتا ہے گویا پاکستان سے انتقام لیا جا رہا ہو۔ منگل کوتحریک انصاف کی طرف سے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے نعیم الحق نے کہا کہ قوانین کی تابعداری کی بجائے تمام تر توانائیاں انکا حلیہ بگاڑنے پر صرف کی جارہی ہیں۔بدنیتی کی بنیاد پر کی جانے والی قانون سازی قوم کے حق میں ہمیشہ مہلک ثابت ہوتی ہے ۔جمہوری لبادہ اوڑھنے کے باوجود نواز حکومت ملک میں آمریت کے دوام کی کوئی کوشش ضائع نہیں کرتی ۔جزاوسزا عمال کی کارکردگی بہتر کرنے اور نظام کو مثر بنانے کا ایک وسیلہ تصور کی جاتی ہے ۔نواز حکومت قوانین میں من پسند ترامیم کرکے نظام کا چہرہ مسخ کرنے میں لگی ہوئی ہے۔ عدالت کو مداخلت کرکے اس قبیح رسم کا رستہ روکنا پڑا۔سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں ۔قواعد کا حلیہ بگاڑنے کی سازش کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے ۔(ع ع)