خبرنامہ پاکستان

بیگم کلثوم نواز آئندہ ماہ حلف اٹھائیں گی

بیگم کلثوم نواز آئندہ ماہ حلف اٹھائیں گی

اسلام آباد(ملت آن لائن)لاہور سے قومی اسمبلی کی نشست حلقہ این اے 120 سے منتخب ہونے والی بیگم کلثوم نواز آئندہ ماہ کے دوسرے ہفتے میں قومی اسمبلی کے 51 ویں سیشن کے دوران اپنی رکنیت کا حلف اٹھائیں گی۔ پارلیمانی ذرائع کا کہنا ہے کہ لندن میں کیموتھراپی کے تین مراحل سے گزرنے والی سابق خاتون اول کلثوم نواز کی حالت بہتر ہے۔ انہیں کیموتھراپی کے 6 سے 8 مراحل سے گزرنے کا مشورہ دیا گیا تھا، تاہم بتایا گیا ہے کہ ضرورت محسوس ہونے پر انہیں صرف ایک مرحلے سے گزرنا پڑے گا۔’کلثوم نواز کے گلے میں کینسر کی تشخیص‘ بیگم کلثوم نواز کی آمد کے موقع پر لاہور کے لوگ ان کا استقبال کریں گے۔ جیسے ہی ڈاکٹرز انہیں سفر کی اجازت دیں گے، مریم نواز ان کی آمد کے شیڈول کا اعلان کریں گی۔ خیال کیا جاتا ہے کہ واپسی پر بیگم کلثوم نواز کے ساتھ ان کی بیٹی مریم نواز ساتھ ہوں گی۔ قومی اسمبلی کا سیشن 11 جنوری سے شروع ہوگا اور ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ سیشن پرسکون رہے گا کیونکہ حکومت نے فاٹا کا معاملہ پہلے ہی طے کر لیا ہوگا۔ این اے 120: مسلم لیگ ن کی کلثوم نواز 61745 ووٹ لے کر کامیاب سابق وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی کے بعد خالی ہونے والی لاہور کی نشست این اے 120 پر ضمنی انتخاب کے لیے مسلم لیگ (ن) نے بیگم کلثوم نواز کو امیدوار نامزد کیا تھا۔ جس کے بعد 17 ستمبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں بیگم کلثوم نواز کامیاب قرار پائی تھیں جبکہ تحریک انصاف کی امیدوار یاسمین راشد دوسرے نمبر پر رہی تھیں۔