خبرنامہ پاکستان

تاریخ میں چین کی ترقی کی مثال نہیں ملتی: فاطمی

اسلام آباد :(اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امورخارجہ طارق فاطمی نے کہاہے کہ اقتصادی راہداری کی شکل میں وزیراعظم نواز شریف اور ان کے چینی ہم منصب کا وژن آج عملی طورپر قوم کے سامنے ہے، تاریخ میں چین کی ترقی کی مثال نہیں ملتی اور کسی ملک کی ترقی کی اتنی اعلی رفتار اتنے عرصے تک برقرار نہیں رہی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں پلاننگ کمیشن میں پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کی سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ طارق فاطمی نے کہاکہ پاک چین اقتصادی راہداری محض راہداری نہیں بلکہ دو وزرائے اعظم کا وژن ہے،اس منصوبے سے خطے میں امن استحکام اور روزگار ممکن ہوگا، اس منصوبے کے راستے میں بہت سے چیلنجز ہیں، لیکن دونوں ممالک کے عوام کے تعاون سے یہ منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچے گا۔ انہوں نے کہاکہ۔ طارق فاطمی نے کہا کہ 1951ء میں پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات قائم ہوئے تھے جن میں وقت کے ساتھ ساتھ مضبوطی آئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں ، راہداری پاکستان اورچین کے درمیان صرف د و طرفہ منصوبہ نہیں بلکہ اس سے علاقائی روابط بھی قائم ہونگے جس سے ترقی کے تین انجن جنوبی ایشیا ، چین اور وسطی ایشیا ایک دوسرے سے منسلک ہوجائیں گے۔انہوں نے کہاکہ چین نے اعتماد کی بنیادپرچین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت پاکستان میں چھیالیس ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا فیصلہ کرکے حقیقی دوستی کا مظاہرہ کیا ہے۔ طارق فاطمی نے کہا کہ چین نے کبھی بھی جانبداری کی پالیسی پر عمل نہیں کیاکیونکہ وہ ہمسایہ ملکوں کے ساتھ امن اورخوشحالی کے اشتراک پر یقین رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ملک خطے کے عوام کی تقدیر بدلنے کے لئے مکمل طور پر پرعزم ہیں۔