خبرنامہ پاکستان

تحریک انصاف امریکا سے سفارتی تعلقات بہتر بنانا چاہتی ہے، عمران خان

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے امریکی سفیر سے ملاقات میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت امریکا سے تعلقات بہتر بنانا چاہتی ہے۔

بنی گالا میں اپنی رہائش گاہ پر قائم مقام امریکی سفیر جان ایف ہوور سے ملاقات میں پاکستان کے متوقع وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں اعتماد کی کمی کے باعث کئی اتار چڑھاؤ آچکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت امریکا کے ساتھ تعلقات مزید متوازن اور قابِل بھروسہ بنائے گی،اور ہم امریکا سے تجارتی اور معاشی تعلقات کے فروغ کو زیادہ اہمیت دیں گے۔

عمران خان نے اپنی گفتگو میں دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے نئے دور کے آغاز اوراس میں دونوں کے مفادات مدنظر رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

تحریک انصاف کے میڈیا سیل کے مطابق امریکی وفد اور عمران خان کے درمیان ہونے والی ملاقات میں باہمی مفادات، دو طرفہ تجارت، اور افغانستان میں استحکام کے معاملات پر گتفتگو ہوئی۔

جاری کردہ بیان کے مطابق عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ امریکی عوام تنازعات کے حل کے لیے سیاسی حل تلاش کرنے کی اہمیت سے واقف ہے کیوں کہ طاقت کے استعمال سے مسائل کے دیر پا حل کے بجائے مزید نقصان ہوتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان میں امن پاکستان اورامریکا کے بہترین مفاد میں ہے اور اس کے حصول کے لیے سیاسی سطح پر کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔

اس موقع پرامریکی سفیر نے عمران خان کو25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات جیتنے پر مبارک باد بھی دی۔

دوسری جانب ایران کے صدر حسن روحانی نے متوقع وزیراعظم عمران خان کو فون کر کے ایران کے سرکاری دورے کی دعوت دی، جسے انہوں نے بخوشی قبول کرلیا۔

انتقالِ اقتدار کا عمل مکمل ہوتے ہی دونوں ممالک کی وزارتِ خارجہ دورے کو حتمی شکل دے گی، اس کے ساتھ ایرانی صدر نے بھی تحریک انصاف کے سربراہ کو انتخابات میں کامیابی کی مبارک باد دی۔

اس دوران دونوں شخصیات میں باہمی دلچسپی کے امور، ایران پاکستان تعلقات اور دو طرفہ تجارت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس ضمن میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران نہ صرف قریبی پڑوسی ممالک ہیں بلکہ دونوں ممالک مشترکہ مذہبی اور ثقافتی اقدار کے بندھن سے بھی بندھے ہوئے ہیں۔

گفتگو میں ایرانی صدر کا مزید کہنا تھا کہ ایران پاکستان سے تجارتی اور سفارت تعلقات بہتر بنانا چاہتا ہے۔

اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ پاکستان ایران سے خصوصی تجارتی تعلقات قائم کرنا چاہتا ہے، اور ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات میں مزید تحریک کا بھی خواہش مند ہے۔