خبرنامہ پاکستان

تحریک انصاف دھرنا ، سیکیورٹی اخراجات کی مد میں 46کروڑ روپے کی منظوری

اسلام آباد(ملت + آئی این پی ) تحریک انصاف کے دو نومبر کے دھرنے میں شرکاء کو روکنے کے لئے وفاقی دارالحکومت کے داخلی وخارجی راستوں پر کنٹینرز لگانے کا کام شروع ، وزارت داخلہ کی طرف سے سیکیورٹی اخراجات کی مد میں 46کروڑ روپے کی منظوری کے بعد ایف سی اور پنجاب پولیس کے اہلکار اسلام آباد پہنچنا شروع ہو گئے ۔ منگل کو نجی ٹی وی کے مطابق آئی جی اسلام آباد کے زیر صدارت وفاقی پولیس کا اجلاس ہوا جس میں پی ٹی آئی کے دھرنے کے حوالے سے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور اس کے حوالے سے پلان بھی پیش کیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق شرکاء کو روکنے کے لئے وفاقی دارالحکومت کے داخلی وخارجی راستوں پر کنٹینرز لگانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے ۔ دوسری جانب دیگر صوبوں اور شہروں سے پولیس کی نفری اسلام آباد پہنچنا شروع ہو گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق ایف سی اور پنجاب ریزرو پولیس کے 5ہزار سے زائد اہلکار اسلام آباد پہنچ گئے جبکہ وزارت داخلہ کی طرف سے سیکیورٹی اخراجات کی مد میں 46کروڑ روپے کی منظوری دے دی گئی ہے تاہم 46کروڑ کے اخراجات میں پیشگی پانچ کروڑ روپے کا فیصلہ ابھی تک نہیں ہو سکا۔