خبرنامہ پاکستان

عائشہ گلا لئی کی پارٹی رکنیت معطل

اسلام آباد(ملت آن لائن)پاکستان تحریک انصاف نے چیرمین عمران خان پر سنگین قسم کے الزامات لگانے والی رکن قومی اسمبلی عائشہ گلا لئی کی پارٹی رکنیت معطل کردی۔

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے عائشہ گلا لئی کو جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے پارٹی کی طرف سے وزیراعظم کیلئے نامزد امیدوار کو ووٹ نہ دے کر آرٹیکل 63 اے کی خلاف ورزی کی، اس کے علاوہ میڈیا پر بیان دے کر اور گورنر خیبر پختونخوا سے ملاقات کر کے بھی پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کی اس لئے ان کی پارٹی رکنیت معلطل کر دی گئی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے عائشہ گلا لئی سے آرٹیکل 63 کی خلاف ورزی پر استعفیٰ مانگا گیا ہے اور جاری شوکاز نوٹس میں عائشہ گلا لئی سے 7 روز کے اندر وضاحت طلب کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اگر انہوں نے جواب نہ دیا تو ان کی رکنیت معطل کر دی جائے گی۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے سینٹرل میڈیا کوآرڈینیٹر جاوید بدر کی جانب سے ایڈوکیٹ احسن جاوید کی وساطت میں عائشہ گلالئی کو لیگل نوٹس بھجوایا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ عائشہ گلالئی 10 روز کے اندر الزامات کے ثبوت فراہم کریں، اگر وہ ایسا نہیں کرتیں تو جھوٹے الزام لگانے پر معافی مانگیں۔

عائشہ گلالئی کے مستقل پتے اور پارلیمنٹ لاجز میں ان کی رہائشگاہ پر بھجوائے گئے لیگل نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ثبوت یا معافی نہ مانگنے کی صورت میں انہیں 30 ملین روپے بطور ہرجانہ ادا کرنا ہو گا۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز عائشہ گلالئی نے چیرمین تحریک انصاف عمران خان پر سنگین قسم کے الزامات عائد کیے تھے جس میں ان کا کہنا تھا کہ عمران خان بدکردار شخص ہیں جب کہ پی ٹی آئی میں ماؤں بہنوں کی عزتیں محفوظ نہیں۔