خبرنامہ پاکستان

تحریک انصاف کا جاوید لطیف کیخلاف سخت حکمت عملی اختیار کرنے اور رکنیت کے خاتمے کیلئے فوری ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف کی قیاد ت نے رکن اسمبلی مراد سعید کے ساتھ حکومتی رکن جاوید لطیف کے مبینہ متنازع ریمارکس اور کردار کشی کی شدید مذمت کرتے ہوئے جاوید لطیف کیخلاف سخت ترین حکمت عملی اختیار کرنے اور ان کی رکنیت کے خاتمے کیلئے فوری طور پر سپیکر قومی اسمبلی کے ہاں ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔پنجاب، پختونخوا اور سندھ اسمبلیوں میں مذمتی قراردادیں لانے پر بھی مکمل اتفاق کیا گیا۔جمعہ کو یہ فیصلے یہاں بنی گالہ میں تحریک انصاف کے چیرٗمین عمران خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیے گئے۔ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات و مرکزی ترجمان نعیم الحق نے کہا کہ تحریک انصاف قومی اسمبلی میں تحریک استحقاق اور سینیٹ میں قراداد لائی جائے گی۔ حکومتی رکن نے ازحد بے حیائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آئین کے آرٹیکل35 کی دھجیاں اڑائیں۔آئین کا آرٹیکل 35 کنبے اور گھرانے کی تعظیم و تکریم کی ضمانت دیتا ہے۔بطور رکن قومی اسمبلی اس قسم کی گفتگو کے ذریعے جاوید لطیف نے آرٹیکل 62اور 63کا بھی خون کیا۔ چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرنے اور بدزبانی و فحش گفتگو کرنے والا شخص پارلیمان کا حصہ نہیں رہ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے سوات کی شریعت کورٹ میں جاوید لطیف کیخلاف قذف کا مقدمہ درج کروانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ تحریک انصاف خواتین اور خاندان جیسی بنیادی اکائی پر شرمناک حملے کیخلاف ملک گیر آواز بلند کرے گی۔ اور ملکی سطح پر “یوم تعظیمِ نسواں” منائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم عوام، سول سوسائٹی، حقوق نسواں کی تنظیموں سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد سے سپورٹ کی اپیل کرتے ہیں۔خواتین کی تعظیم اور خاندان جیسی بنیادی اکائی کی ساکھ کے تحفظ کی خاطر آواز بلند کرنا ہوگی۔جاوید لطیف کا بھرپور سیاسی و سماجی بائیکاٹ جاری رہے گا۔تحریک انصاف اس شخص کی موجودگی میں کسی سیاسی مباحثے یا مذاکرے میں شریک نہیں ہوگی۔(ع ع)