خبرنامہ پاکستان

تحریک انصاف کا حلف نامے میں تبدیلی کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ

تحریک انصاف کا حلف نامے میں تبدیلی کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ
اسلام آباد:(ملت آن لائن) تحریک انصاف نے ختم نبوت کے حوالے سے حلف نامے میں تبدیلی کی آزادانہ اور مکمل تحقیقات کا مطالبہ کر دیا۔ تحریک انصاف کے مرکزی میڈیا سیل سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ مرکزی قیادت کا اہم اجلاس منگل کو چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں ختم نبوتؐ کے معاملے پر پیدا ہونیوالی صورتحال کا خصوصی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ نواز شریف کی مرضی اور منشا کے بغیر حساس ترین قانون میں ترمیم ممکن نہیں، آغاز سے اختتام تک معاملے میں گہری سازش کے آثار دکھائی دیتے ہیں۔ حقائق قوم کے سامنے لانے کیلیے معاملے کی آزادانہ تحقیقات ناگزیر ہے، پورے معاملے میں حکومت نام کی چیز قوم کو نظر نہیں آئی، پاکستان کو افراتفری اور سنگین داخلی بحران سے بچانے کیلئے عسکری قیادت کا کردار قابل ستائش ہے۔
اجلاس میں حدیبیہ پیپر ملز کیس پر کارروائی کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ اجلاس میں دی جانیوالی بریفنگ کی روشنی میں چیئرمین تحریک انصاف نے حدیبیہ کیس کی خصوصی مانیٹرنگ کی ہدایت بھی کی ہے۔
اجلاس میں نیب کی کارکردگی پر عدم اطمینان اور گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ چیئرمین نیب فوری مداخلت اور پراسکیوشن برانچ کی کارگردگی کا جائزہ لیں، قومی مفاد کے مقدمے پر عام معاملے کیطرح کارروائی سے گریز لازم ہے۔ اجلاس میں قبل ازانتخابات کے مطالبے کا بھی اعادہ کیا گیا اور کہا گیا کہ ملک میں حکومت نام کی چیز کا وجود تک نظر نہیں آتا، بحران سے نکلنے کیلیے فوری انتخابات کے انعقاد کی راہ ہموار کی جائے۔ دریں اثناء عمران خان نے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ پشاور ہائیکورٹ نے ڈی آئی خان کیس کے حوالے سے آئی جی اور خیبر پختونخوا پولیس کی تعریف کی ہے، اب تحریک انصاف کے مخالفین اور موقع پرستوں کی مہم کا خاتمہ ہو جانا چاہیے۔