خبرنامہ پاکستان

تحریک انصاف کا حلف نامے میں ترمیم کے ذمہ دار کی نشاندہی کا مظالبہ

تحریک انصاف کا حلف نامے میں ترمیم کے ذمہ دار کی نشاندہی کا مظالبہ

اسلام آباد(ملت آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کاغذات نامزدگی میں شامل حلف نامے میں ترمیم سے متعلق کہا کہ اس المناک غلطی نے پورے ملک میں ہلچل مچا دی، سوال یہ ہے کہ اس کا ذمےدار کون ہے جس کا تعین ہونا چاہیے۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوئی وزیر یا ذمہ دار اس کی ذمہ داری لینے کے لیے تیار نہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی وزیر اکرم درانی نے نواز شریف اور شہباز شریف کو مخاطب کرکے کہا کہ فوری طور پر ہم ذمہ دار کی نشاندہی چاہتے ہیں۔

آئی بی کے مبینہ خط سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جناب اسپیکر آپ کے حوالے سے بھی ذکر ہے کہ آپ کی بھی نگرانی ہورہی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ خواجہ آصف نے امریکی ہم منصب سے ملاقات کی ہے جنہوں نے پاکستان میں حکومت کے استحکام پر تشویش کا اظہار کیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے دیانت داری سے اہم مسئلہ حل کرنے میں اپنا کردار ادا کیا۔

اس سے قبل قومی اسمبلی نے الیکشن بل 2017 میں ترمیم کی شق وار منظوری کے بعد بل کو منظور کیا۔

اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر قانون زاہد حامد نے کہا کہ یہ بل تین سال کی محنت کا نتیجہ تھا، ہم نے تاریخی بل پاس کیا تھا جس میں اب ترمیم کر رہے ہیں، یہ حکومتی نہیں پارلیمانی کمیٹی کی رپورٹ پر مبنی بل تھا۔

زاہد حامد نے کہا کہ تمام پارلیمانی جماعتوں نے پرانا قانون بحال کرنے پر اتفاق کیا ہے، کسی کا اس وقت تصور بھی نہیں تھا اور سوچ بھی نہیں سکتے تھے کہ ایسا نکتہ اٹھ سکتا ہے، میں سوچ بھی نہیں سکتا کہ ختم نبوت پر اثر انداز ہونے کا کام کریں، خوشی ہےکہ تمام سیاسی جماعتوں نے اس مسئلے کو محسوس کیا کہ ہمیں اس نکتے کو چھیڑنا ہی نہیں چاہیے تھا۔

وزیر قانون کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی رہنماؤں کی کل میٹنگ بلائی گئی اور ہمارا مؤقف تھا اسے اصل حالت میں بحال کیا جائے اس لیے جو بھی کاغذات نامزدگی میں ڈکلیئریشن تھا اسے اصل حالت میں بحال کررہے ہیں تاہم اس کی تفصیل میں نہیں جانا چاہتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ پارلیمانی کمیٹی کا مشترکہ عمل تھا، اس کی رپورٹ ہاؤس میں پیش ہوئی اور پہلے اسے نوٹ نہیں کیا گیا، سینیٹ میں اسے نوٹ کیا گیا جہاں اسے بحال نہ کراسکے لیکن تمام قائدین نے اس میں تعاون کیا جس پر سب کو مبارکباد اور خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔