خبرنامہ پاکستان

تحریک انصاف کا وزیر داخلہ کے استعفے کا مطالبہ

اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) تحریک انصاف نے سانحہ کوئٹہ کی رپورٹ کے بعد وزیر داخلہ کے استعفے کا مطالبہ کر دیا ، شاہ محمود قریشی نے چوہدری نثار کو سپریم کورٹ پر حملے کا مرتکب قرار دیتے ہوئے کئی سوالات کے جواب مانگ لئے ۔ تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے چوہدری نثار پر کاری وار کیا اور وزیر داخلہ پر سوالات کی بوچھاڑ کر دی ۔ تحریک انصاف کے یوتھ کنونشن پر اجازت کے باوجود لاٹھیاں برسائی گئیں ، وضاحت دی جائے کہ دفعہ 144 کے باوجود اسلام آباد میں کالعدم تنظیم کا اجتماع کیسے ہوا ؟ کالعدم تنظیم کی شخصیت کو اجلاس میں بیٹھنے کی اجازت کس نے دی ؟ اکیسویں آئینی ترمیم اور فوجی عدالتوں کی مدت ختم ہونے کے بعد دہشتگردوں کے مقدمات سے متعلق حکمت عملی کیا ہوگی ؟ شاہ محمود نے سوالات پر ہی اکتفا نہں کیا چوہدری نثار کی جارحانہ پریس کانفرنس کو سپریم کورٹ پر حملہ اور توہین عدالت قرار دیتے ہوئے ان کے استعفے کا مطالبہ کر دیا ۔ پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم اگر پانامہ لیکس پر قومی اسمبلی میں پیش کئے گئے مؤقف پر قائم ہیں تو سپریم کورٹ سے قطری خط کو واپس لیں اور ایوان میں آکر اس ابہام کو دور کریں ، عمران خان بھی دوڑتے ہوئے اسمبلی پہنچ جائیں گے ۔