خبرنامہ پاکستان

تحریک انصاف کا کارکنوں کی ممکنہ گرفتار یوں پر تھانوں میں دھرنے کا اعلان

لاہور (ملت + آئی این پی ) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الر شید نے کارکنوں کی ممکنہ گرفتار یوں پر متعلقہ تھانوں پر دھرنا دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے حالات خراب کئے تو دو نومبر سے پہلے ہی شہروں کی بندش کا آغاز کر دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پنجاب پبلک سیکرٹریٹ میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، قائد حزب اختلاف میاں محمود الر شید نے کہا کہ پر امن احتجاج ہمارا حق ہے لیکن اس میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کریں گے، انہوں نے کہا کہ شریف برادران پا نا مہ اور کرپشن میں رنگے ہاتھوں پکڑے گئے ہیں اب احتساب سے بھاگ رہے ہیں، جھگڑا اسی دن ختم ہو جائے گا جس دن میاں نواز شریف خود کو احتساب کیلئے پیش کر دیں گے۔ میاں محمود الر شید نے کہا کہ عمران خان اور تحریک انصاف ذاتی نہیں22کروڑ عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے۔ قوم ہمارے ساتھ کھڑی ہے حکمرانوں نے ہوش کے ناخن نہ لئے تو لینے کے دینے پڑ جائیں گے کیونکہ تحریک انصاف کا دھرنا اسی دن شروع ہو جائے گا جس دن کسی کارکن کو حراست میں لیا۔ ایک سوال کے جواب میں میاں محمود الر شید نے کہا کہ حکومت کو یہی نصیحت کرینگے کہ پر امن احتجاج کو پرامن ہی رہنے دیں اوچھے ہتھکنڈے الٹا حکمرانوں کے گلے پڑ جائیں گے۔