خبرنامہ پاکستان

تحریک انصاف کرپٹ نظام اور کرپٹ افسران کے خلاف جدوجہد پر عمل پیرا ہے

ملتان (ملت آن لائن + آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ تاجر برادری نے ہمیشہ وطن عزیز کے ساتھ نہ صرف محبت کا اظہار کیا ہے بلکہ بے شمار قربانیاں بھی دیں لیکن موجودہ حکمرانوں نے تاجروں کو نہ صرف مایوس کیا بلکہ تاجروں کو بھاری ٹیکسوں کے شکنجے میں بھی جکڑ رکھا ہے۔ تاجروں نے ماضی میں مسلم لیگ (ن) کی حمایت کی لیکن موجودہ حکمرانوں نے انہیں ہمیشہ مایوس کیا ، تاجروں کو ہمیشہ ڈسا گیا اب تاجر طبقہ کو چاہئے کہ وہ پاکستان تحریک انصاف کو آزما کر دیکھیں تو نتائج تاجروں کے حق میں آئیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آل پاکستان انجمن تاجران و انجمن تاجران حسین آگاہی کی جانب سے قومی تاجر کنونشن سے خطاب رتے ہوئے کیا جبکہ مرکزی چیئرمین خواجہ سلیمان صدیقی ، مرکزی صدر خالد پرویز ، ایم این اے ملک محمد عامر ڈوگر ، مرکزی سیکرٹری جنرل عبدالرزاق ببر ، ایم پی اے جاوید اختر انصاری ، ایم پی اے ظہیر الدین علیزئی ، قیوم آغا (بلوچستان) ، رانا اکرم (سندھ) ، نہال الدین قریشی ، سید جعفر شاہ ، زین العابدین موتی والے مہمانان خاص تھے جبکہ شاہد محمود انصاری اور خواجہ ضیاء صدیقی نے نظامت کے فرائض سرانجام دئیے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ نہ صرف تاجر برادری بلکہ ماہرین معاشیات اور بنکار بھی ود ہولڈنگ ٹیکس ٹیکس سے پریشان ہیں اور اب مالی لین دین کیش کی صورت میں کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں ود ہولڈنگ ٹیکس کے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی میں ایمنسٹی سکیم اور ود ہولڈنگ ٹیکس کی مخالفت کی تھی اور اس منصوبے کو ناکام قرار دیا تھا یہی وجہ ہے کہ 20 لاکھ تو کیا 20 ہزار بھی ایمنسٹی سکیم میں جمع نہ ہوئے ان سکیموں میں بے شمار نقائص تھے۔ انہوں نے کہا کہ میں اور میری جماعت پاکستان تحریک انصاف اس کرپٹ نظام اور کرپٹ افسران کے خلاف جدوجہد پر عمل پیرا ہیں ، ایف بی آر کے افسران نے تاجروں کی زندگی اجیرن بناکر رکھی ہوئی ہے جبکہ دوسری جانب دیکھا جائے تو تاجروں نے ملکی سلامتی کے حوالے سے اہم رول ادا کیا ہے جبکہ اس کے عوض تاجروں کو کوئی بھی سہولت نہ دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ تاجروں نے ماضی میں مسلم لیگ (ن) کی حمایت کی لیکن موجودہ حکمرانوں نے انہیں ہمیشہ مایوس کیا ، تاجروں کو ہمیشہ ڈسا گیا اب تاجر طبقہ کو چاہئے کہ اب وہ ضرور سوچیں اور ان کے مفادات کا تحفظ کونسی جماعت کرسکتی ہے ، پاکستان تحریک انصاف کو آزما کر دیکھیں تو نتائج تاجروں کے حق میں آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ لوم کی صنعت میں شدید بحران کا شکار ہے اس صنعت سے وابستہ افراد نے مسلم لیگ (ن) کو آزمالیا ہے آئیں ہمارے ساتھ قدم سے قدم ملاکر چلیں ہم حق ایوان میں ان کا مقدمہ لڑیں گے اور آواز بنیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے بیڈ گورننس کی وجہ سے مختلف منصوبوں میں ناکامی کی وجہ سے مختلف اداروں کو پرائیویٹائزیشن کرنا شروع کردیا ہے ، قوم کا ہر فرد نہ صرف مقروض ہوچکا ہے لیکن ہم ملک کو گروی رکھنے والوں کو ہرگز اجازت نہیں دیں گے کہ وہ ملک کو بیچ کھائیں۔ انہوں نے کہا کہ پختون ہمارے لئے محترم ہیں ، پختونوں نے پاکستان سے وفا کی ہے لہٰذا پختون نہ صرف ہمارا مان ہیں بلکہ ہمارے عزیز بھی ہیں ہم ہر معاملے پر پختونوں کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ خواجہ سلیمان صدیقی ، خالد پرویز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاجروں کو اپنے حقوق کی بازیابی کیلئے ا ٹھنا ہوگا اور تاجروں کے مفادات کا سودا کرنے والوں کا راستہ روکنا ہوگا اب انتظار کی گھڑیاں ختم ہوچکیں ، کرپشن ، ناانصافی اور بھاری بھرکم ٹیکسوں سے نجات حاصل کرنے کیلئے تاجروں کو میدان عمل میں نکلنا ہوگا۔ ایم این اے ملک محمد عامر ڈوگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہماری تمام تر ہمدردیاں تاجر برادری کے ساتھ ہیں تاجر ہمارے ہمارے شہر ، ہمارے خطے کا سرمایہ ہیں۔ ایم پی اے ظہیر الدین علیزئی ، عبدالرزاق ببر ، ایم پی اے جاوید اختر انصاری ، قیوم آغا ، رانا اکرم نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہاکہ وطن عزیز کی ترقی ، سلامتی اور ملکی معیشت کی ترقی تاجروں سے وابستہ ہے ،ت اجر پاکستان کا ہراول دستہ ہیں ، تاجروں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والوں کا راستہ روکنا ہماری ذمہ داری ہے۔