خبرنامہ پاکستان

تحریک انصاف کےارکان اسمبلی کا ناراض گروپ کھل کرسامنےآگیا

پشاور: (اے پی پی) خیبرپختونخوا میں حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی کا ناراض گروپ کھل کر سامنے آ گیا۔ پشاورمیں ایم پی اے یاسین خلیل کی رہائشگاہ پر ناراض ایم این ایز اور ایم پی ایز کی بیٹھک ہوئی جس میں اپنی ہی صوبائی حکومت پر خوب تنقید کے ڈونگرے برسائے گئے۔ اجلاس میں پانچ ایم این ایز اور وزیر اعلیٰ کے دو مشیروں سمیت پانچ ایم پی ایز نے شرکت کی۔ ایم این ایز میں داوڑ خان کنڈی، جنید اکبر، خیال زمان، کرنل (ر) امیر محمد ، ایم این اے ساجد نواز جبکہ ایم پی ایز میں بابر سلیم، امجد آفریدی، قربان علی اور وزیر اعلیٰ کے مشیر شکیل خان اور عبدالحق شامل تھے۔ اجلاس میں ناراض ارکان نے وزیر اعلیٰ کی جانب سے فنڈز کی غیر مساویانہ تقسیم اور من پسند افراد کو نوازنے پر وزیر اعلیٰ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ ارکان اسمبلی نے وزیر اعلیٰ کے بیٹے کی جانب سے حکومتی معاملات میں مداخلت پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ ناراض ایم پی ایز اور ایم این ایز نے حکومت پر دباو بڑھانے اور کپتان کو اصل صورتحال سے آگاہ کرنے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل بنانے پر بھی اتفاق کیا۔