خبرنامہ پاکستان

تحریک انصاف کے دھوکے عوام کے سامنے لانا چاہتے ہیں،احسن اقبال

چوہدری نثار

کراچی:(ملت آن لائن) سابق وزیرِ داخلہ اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان اپنی ناکامیوں پر ہماری گرفتاریوں کے ذریعے پردہ نہیں ڈال سکتے۔

شہرِ قائد میں پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت کی حکومت گرانے کی خواہش نہیں ہے، بلکہ تحریک انصاف کے دھوکے عوام کے سامنے لانا چاہتے ہیں۔

وزیرِ اعظم کو ہدفِ تنقید بناتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ ’عمران خان کے 100 دن سو یو ٹرن ثابت ہوچکے ہیں، اور یہ مقام انہوں نے قوم کو بیوقوف بنا کر حاصل کیا۔

انہوں نے کہا کہ جو حکومت یوٹرن کو کامیابی قرار دیتی ہو وہ قوم کو آگے نہیں بلکہ پیچھے کی جانب لے کر جاتی ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان کو حکومت چلانے کا تجربہ نہیں ہے، ان کا وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالنا عوام کے لیے بہت مہنگا پڑ رہا ہے۔

جب ان سے سوال کیا گیا کہ نواز شریف ملکی سیاست میں کردار ادا کیوں نہیں کر رہے تو احسن اقبال نے جواب دیا کہ جب نواز شریف بولیں گے تو یوٹرن نہیں ہوگا، ہم حکومت کو مہلت دے رہے ہیں کہ وہ قوم کو اپنے وعدے پورے کر کے دکھائے۔

سابق وزیرِ داخلہ نے کہا کہ عمران خان کہتے تھے کہ ان کے پاس ’پلان بی‘ موجود ہے، لیکن وہ پاکستانی عوام کو بے وقوف بنارہے تھے۔

انہوں نے ماضی کے دعوؤں کو یاد دلاتے ہوئے کہا کہ عمران خان کہتے تھے کہ خودکشی کرلوں گا قرضہ نہیں لوں گا جبکہ چین اور سعودی عرب سے مدد بھی نہیں مانگوں گا۔

احسن اقبال نے وزیرِا عظم کے حالیہ دورہ ملائیشیا کے تناظر میں بات کرتے ہوئے کہا کہ کوئی وزیراعظم باہر جاکر اپنے ملک کی برائی نہیں کرتا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے پاکستان کو تیزی سے ترقی کرنے والا ملک بنایا، عمران خان اس وقت اپنی ناکامیوں پر ہماری گرفتاریوں کے ذریعے پردہ نہیں ڈال سکتے۔

لیگی رہنما نے کہا کہ ہم کسی کی دھمکیوں سے نہیں ڈرتے، ہم ثابت کرکے رہیں گے کہ کھلاڑی کھلاڑی ہوتا ہے اور اناڑی اناڑی ہوتا ہے۔

پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) سے متعلق احسن اقبال نے کہا کہ میں 5 سال تک اس منصوبے کا انچارج رہا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیرِاعظم عمران خان نے چین جاکر سی پیک کا قصیدہ پڑھا اور کہا کہ اس سے بجلی کے منصوبے بہت کامیاب ہیں، لیکن اقتدار میں آنے سے قبل وہ کہتے تھے کہ سی پیک میں کرپشن ہوئی ہے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ہر سال گزشتہ سال سے زیادہ کام کیا، اور جی ڈی پی کو 5.8 فیصد تک لاکر چھوڑا۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے دنیا بھر میں پاکستان سے متعلق منفی تاثر دینا شروع کردیا جس سے ہمیں خدشہ ہے کہ ہماری محنت پر پانی پھر جائے گا۔