خبرنامہ پاکستان

تحریک انصاف کے رائے ونڈ میں دھرنے میں پیپلز پارٹی نےشمولیت پرغورشروع کردیاگیا

اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف نے پانامہ لیکس کے معاملے پر مشترکہ حکمت عملی اپنانے کا فیصلہ کرلیا، تحریک انصاف کے رائے ونڈ میں دھرنے میں پیپلز پارٹی کی شمولیت پر غور شروع کر دیا گیا، سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر اعتزاز احسن نے کہاہے کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے وزیراعظم کوپھنسا کر رکھ دیا،پیپلز پارٹی نے اس وقت نواز شریف کا ساتھ دیا تو خود بھی پھنس جائے گی،نواز شریف صحت مند ہیں لندن جا کر آصف زرداری سے مدد چاہتے ہیں، شریف خاندان میں ولی عہد کا جھگڑا چل رہا ہے۔ منگل کو تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر شاہ محمود قریشی نے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں سے ملاقات کی، جس میں قومی اسمبلی میں قائدحزب اختلاف سید خورشید شاہ ، سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر اعتزاز احسن اور سلیم مانڈوی والا موجود تھے۔ ملاقات میں پانامہ لیکس کی صورتحال کے بعد اس معاملے پر مشترکہ لائحہ عمل اپنانے پر غور کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی نے پیپلز پارٹی کو احتجاجی مارچ میں شرکت کی دعوت دی۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید خورشید شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف اس بات پر متفق ہیں کہ پانامہ لیکس کی تحقیقات کیلئے چیف جسٹس کی سربراہی میں کمیشن بننا چاہیے،چاہتے ہیں کہ اس معاملے پر عالمی ماہرین سے فرانزک تحقیق کروائی جائے اور عالمی ماہرین کی رپورٹ چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کے سامنے پیش کی جائے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے وزیراعظم کوپھنسا کر رکھ دیا،پیپلز پارٹی نے اس وقت نواز شریف کا ساتھ دیا تو خود بھی پھنس جائے گی،نواز شریف صحت مند ہیں لندن جا کر آصف زرداری سے مدد چاہتے ہیں، شریف خاندان میں ولی عہد کا جھگڑا چل رہا ہے، احتجاجی حکمت عملی پر اعتماد میں لینے پر پاکستان تحریک انصاف کے مشکور ہیں، پانامہ لیکس پر پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے مشترکہ حکمت عملی اپنانے کے امکانات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف سے ابھی تک کوئی کمٹمنٹ نہیں کی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنماء شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پانامہ لیکس قومی نہیں بلکہ بین الاقوامی معاملہ بن چکا ہے، پانامہ لیکس کی شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں۔(اح)