خبرنامہ پاکستان

تحریک انصاف کے قائدین کارکنوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں

لاہور(ملت + آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی شفقت محمود نے اپنے حلقہ این اے 126 کی یونین کونسلز 201,202 سے گرفتار ہونے والے کارکنوں عمر فاروق ، اعجاز کھوکھر ، رانا رئیس، اقبال گجر ، مختار اعوان، وارث جٹ سے ان کے گھروں میں جاکر ملاقاتیں کیں اور ان کو تعریفی اسناد دیں جبکہ اس موقعہ پر لاہور یوتھ ونگ کے سیئنر نائب صدر علی عباس ، عاصم شوکت سمیت دیگر عہدیداران بھی موجو د تھے۔ گزشتہ روز شفقت محمود نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے جرات اور بہادری سے کام لیا ہے اور مشکل وقت میں بھی نہیں گھبرائے میں آپ کی بہادر ی کو سلام پیش کر تا ہوں ، سیاسی کارکن کسی بھی سیاسی جماعت کا قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں اور پارٹی کو آ پ پر فخر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے قائدین مشکل وقت میں ساتھ دینے والے اور گرفتار ہونے والے کارکنوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ، نوجوان ملک کا روشن مستقبل ہیں اور تحریک انصاف بھی نوجوانوں سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں ، چیئرمین عمران خان کی قیادت میں ہم سب مل کر ملک کو کرپشن، مہنگائی ، بیروزگاری سمیت دیگر مسائل کی دلدل سے نکالیں گے ۔ اس موقع پر گرفتارہونے والے کارکنوں نے شفقت محمود کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ گرفتاریاں اور (ن) لیگ کی دھونس اور بدمعاشی ہمیں ہمارے مقصد سے پیچھے نہیں ہٹا سکتی، ہم ملک اور پارٹی کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کو تیارہیں۔