خبرنامہ پاکستان

تحریک انصاف 20ویں یوم تاسیس کا جلسہ ایف نائن پارک میں کرنے پر ڈٹ گئی: نعیم الحق

اسلام آباد (آئی این پی) تحریک انصاف 20ویں یوم تاسیس کا جلسہ ایف نائن پارک میں کرنے پر ڈٹ گئی،پی ٹی آئی ترجمان نعیم الحق نے کہا ہے کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اس قسم کے بیان دے کر اشتعال نہ پھیلائیں، ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ پارٹی کی سالگرہ ہر صورت ایف نائن پارک میں ہی منائیں گے۔ہفتہ کو وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق نے کہا کہ ایف نائن پارک میں دھرنا نہیں جلسہ کریں گے، پارک میں 20ویں یوم تاسیس کاجشن منعقد کریں گے، عمران خان یوم تاسیس کے موقع پر تاریخی خطاب کریں گے، پارٹی کے یوم تاسیس کی تقریب مکمل طور پر پرامن ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ یوم تاسیس منانا ہمارا حق ہے، 24اپریل کو بھرپور طریقے سے منائیں گے، ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ پارٹی کی سالگرہ ہر صورت ایف نائن پارک میں ہی منائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار کی گفتگو غلط فہمی پر مبنی ہے، چوہدری نثار علی خان کو اشتعال انگیز بیان سے قبل حقائق سے آگاہی حاصل کرنی چاہیے، عمران خان سے مشاورت کے بعد لائحہ عمل کا فیصلہ کریں گے۔ تحریک انصاف کی رہنماء شیریں مزاری نے کہا کہ جلسہ کرنا ہمارا جمہوری حق ہے، چوہدری نثار تحریک انصاف کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہے ہیں، چوہدری نثار کی طرف سے ایسی پابندیاں قابل قبول نہیں ہیں۔(اح)