خبرنامہ پاکستان

تحریک انصاف 8 دسمبر سے ’نو زرداری نو‘ تحریک چلائیگی

تحریک انصاف 8 دسمبر سے ’نو زرداری نو‘ تحریک چلائیگی
کراچی:(ملت آن لائن) پی ٹی آئی نے گو نواز گو کے بعد نو زرداری نو تحریک چلانے کا فیصلہ کرلیا جب کہ مہم کا آغاز 8 دسمبر سے ہوگا جس کی قیادت عمران خان کریں گے۔ کپتان نے سندھ میں بھرپور طریقے سے میدان میں اترنے کی تیاری کر لی ہے، عمران خان رواں ماہ 2روز کے لیے کراچی جبکہ دسمبر میں3 روزہ دورے پر سندھ آئیںگے اور بھرپور سیاسی قوت کا مظاہرہ کریں گے۔ پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما حلیم عادل شیخ نے بتایاکہ پی ٹی آئی سندھ سے کرپشن کے خاتمے کے لیے بھرپور مہم چلائے گی اور اس ضمن میں گو نواز گو کی بھرپور کامیابی کے بعد نو زرداری نو مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت سندھ کے تمام شہروں، قصبوں، دیہات میں عمران خان کی قیادت میں تاریخی ریلی نکالی جائے گی جس کا آغاز8دسمبرکوحیدرآباد سے ہوگا۔
پی ٹی آئی رہنما نے بتایا کہ پی ٹی آئی کی ریلی عمران خان کی قیادت میں3 روز تک سندھ کے علاقوں میں سڑکوں پر رہے گی۔ ریلی حیدرآباد، میرپورخاص، تھرپارکر، سانگھڑ، نواب شاہ، جام شورو، نوشہروفیروز سمیت دیگر شہروں اور دیہات میں عوام کو اپنا پیغام پہنچائے گی۔ مختلف شہروں اور دیہات میں عمران خان شرکا سے خطاب کرکے کرپٹ حکمرانوں سے چھٹکارے کے لیے اپنا پیغام دیںگے، عمران خان کے8,9 اور 10 دسمبرکے اس پروگرام کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
حلیم عادل شیخ نے بتایاکہ زرداری بھگاؤ سندھ بچاؤ تحریک سندھ کے روشن مستقبل کے لیے ضروری ہے۔ علاوہ ازیں عمران خان2 روزہ دورے پر 27 نومبر کو کراچی پہنچیں گے۔ حلیم عادل شیخ کے مطابق عمران خان پیر27نومبرکوکورنگی میں ورکرز کنونشن سے خطاب کریںگے جبکہ ایم کیوایم کے سیاسی گڑھ ضلع وسطی اور جیالوں کے مسکن ملیر میں بھی پی ٹی آئی کے تحت ورکرز کنونشن منعقد ہوںگے۔ پی ٹی آئی پیپلزپارٹی کا گڑھ تصور کیے جانیوالے علاقے لیاری میں بھی سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی، لیاری میں اس حوالے سے تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔ عمران خان وکلا، طلبا و طالبات کے کنونشنز کے علاوہ یوتھ کنونشن سے بھی خطاب کریںگے۔ عمران خان کے دورے کے دوران سیاسی، سماجی اور کاروباری شخصیات پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کریںگی۔ تحریک انصاف26دسمبر کوکراچی میں مزار قائد پر جلسہ منعقد کریگی۔