خبرنامہ پاکستان

تحر یک انصاف کےلیڈر شاہ محمود قریشی کی چوہدری پرویزالٰہی اورکامل علی آغاسے ملاقات

لاہور(آئی این پی) تحر یک انصاف کے پار لیمانی لیڈر شاہ محمود قریشی کی (ق) لیگ کے چوہدری پر ویز الٰہی اور سینیٹر کامل علی آغاسے ملاقات ‘پاناما لیکس کے معاملے پر ساتھ چلنے کی دعوت دی ‘دونوں جماعتوں کا پاناما لیکس کے معاملے پر حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ اور ساتھ چلنے کے عزم کا بھی اظہار کیا ہے۔ جمعرات کے روز تحر یک انصاف کے پار لیمانی لیڈر شاہ محمود قریشی نے (ق) کے مرکزی قائدین سے انکی رہائش ظہور الٰہی روڈ پر ملاقات کی جس میں پانامہ لیکس ‘حکومت مخالف احتجاجی تحر یک سمیت دیگر امور پر بات چیت کی گئی اور شاہ محمودقر یشی نے (ق) لیگ کو رائے مارچ میں شر کت کی دعوت دی ہے ۔ ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کا نفرنس سے خطا ب کرتے ہوئے تحر یک انصاف کے پار لیمانی لیڈر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ لوٹ ماراورکرپشن نے قوم کو مقروض کردیا ہے کرپٹ حکمرانوں سے نجات کے بغیرمسائل سے چھٹکاراکیسے ہوگا ؟ مسائل پر قابو پانے کیلئے ہمیں مل جل کر چلنا ہو گا‘لیگل ایشوز پر رہنمائی کیلئے لیگل کمیٹی بنائی ہے اور وکلا رہنماؤں سے بھی رابطہ کر رہے ہیں۔پاناما لیکس کے معاملے پر حکومت ، اپوزیشن کیلئے قابل قبول لائحہ عمل طے کرے۔ ایک سوال کے جواب میں شاہ محمود قر یشی نے کہا کہ پانا لیکس کے معاملے پر میں بلاول بھٹو زرداری سے مل کر ان کے تحفظات دور کرنے کیلئے تیار ہوں اس معاملے پر کوشش کررہے ہیں کہ تمام جماعتوں کو ساتھ لے کر چلا جائے سب کی بات سن کر قیادت تک پہنچا رہے ہیں۔ق لیگ کے سینئر رہنما پرویز الٰہی نے کہا کہ شہباز شریف نے پولیس کا بیڑا غرق کردیا ہے اتنے دن ہوگئے ہیں ان لوگوں سے چھوٹو گینگ قابو نہیں ہورہاپنجاب حکومت چھوٹو گینگ کے ہاتھوں مفلوج ہو کررہ گئی ہے یہ لوگ اورنج لائن ٹرین کے ڈبے سے باہر نہیں نکل رہے انہوں نے پورے صوبے کو برباد کرکے رکھ دیا ہے وزیر اعلی کواچھل کود کے سوا کچھ نہیں پتا۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے وزیر اعظم کے بچوں کی حمایت میں ایک لفظ نہیں بولا ان کی طرف سے پاناما لیکس کے معاملے پر خاموشی معنی خیز ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاناما لیکس کسی سیاسی جماعت کی طرف سے نہیں بنائی گئیں اس لیے انہیں نظر انداز نہیں کرسکتے ،یہ اللہ کی طرف سے آئی ہیں اور اس معاملے کو آگے لے کر چلیں گے ۔