خبرنامہ پاکستان

تحفظ پاکستان ایکٹ کی مدت میں اضافےکےلیےآرڈیننس جاری کرنےکا فیصلہ

کراچی:(اے پی پی) وفاقی حکومت نے تحفظ پاکستان ایکٹ اورانسداد دہشت گردی کے ترمیمی قوانین کی مدت میں اضافے کیلیے فوری طورپر صدارتی آرڈینس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے ان دونوں قوانین کی مدت میں اضافے کیلیے متعلقہ حکام کو قانونی تقاضے مکمل کرنے کی ہدایت کردی ہے ۔ وفاقی حکومت کے اہم ذرائع نے ایکسپریس کو بتایا کہ وزیراعظم کو وفاقی وزیرداخلہ نے تحفظ پاکستان ایکٹ اورانسداد دہشت گردی کے ترمیمی قوانین کی مدت ختم ہونے کے حوالے سے آگاہ کردیا ہے۔ وفاقی وزیرداخلہ نے وزیراعظم کو آگاہ کیا ہے کہ قومی ایکشن پلان پر موثر عمل درآمد کیلیے ان دونوں قوانین کی مدت میں مزید اضافے کیلیے فوری قانون سازی کی اشد ضرورت ہے ۔ وزیراعظم نے وزارت داخلہ کوہدایت کی ہے کہ وزارت قانون کی مشاورت سے اس معاملے کو فوری حل کیا جائے ۔