خبرنامہ پاکستان

تخت لاہور اس بار چھین لیں گے، آصف زرداری

تخت لاہور

تخت لاہور اس بار چھین لیں گے، آصف زرداری

اسلام آباد:(ملت آن لائن) سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ تخت لاہور اس بار ان سے چھین لیں گے۔ اسلام آباد میں اوکاڑہ اور راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا مشن ملک سے دہشت گردی، بیروزگاری، جہالت اورغربت کا خاتمہ ہے، بلاول آنے والا روشن کل ہے۔ آصف زرداری نے کہا کہ 2013ء کے انتخابات میں ہمارے ہاتھ بندھے ہوئے تھے، اب ہمارے ہاتھ بندھے ہوئے نہیں ہیں۔ بلاول میدان میں آچکے ہیں ہم سب مل کر محترمہ کے خوابوں کی تعبیر پوری کریں گے۔ تخت لاہور اس بار ان سے چھین لیں گے، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ریاستی اداروں کا وقار بلند کیا ہے، سپریم عدالت کو اپنے ماتھے کا جھومر بنایا ہے۔ علاوہ ازیں سابق وزیراعظم یوسف گیلانی اور سابق گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود نے آصف زرداری سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال اور سینیٹ کے انتخابات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئندہ انتخابات میں پارٹی کی تیاری اور حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔
……………………….
اس خبر کو بھی پڑھیے….عمران خان کبھی وزیر اعظم نہیں بن سکتے، خواجہ آصف

سیالکوٹ:(ملت آن لائن)وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہاہے کہ عمران خان کے وزیر اعظم بننے کا خواب پورا نہیں ہوگا۔ 651 ملین روپے کی لاگت سے سیالکوٹ کنگرہ روڈ کی تعمیر کے منصوبے کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کے دوران وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہاکہ گوادرسے گلگت تک ترقی، بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا کریڈیٹ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو جاتا ہے، جس نے عوام سے وعدے پورے کیے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ملک میں پل بن رہے ہیں،تعلیمی درسگاہیں اور ہسپتال ہیں یہ سارا نواز شریف کی بدولت ہے، سینیٹ الیکشن کا رزلٹ بھی جلد سامنے آجائے گا اور عام انتخابات کا بھی مسلم لیگ (ن) ہی کامیاب ہوگی۔
خواجہ آصف نے کہا کہ نوازشریف واحد حکمران ہے جس نے ہمیشہ ملک اور قوم کی ترقی اور خوش حالی کی بات کی، ان کا نام ملکی ترقی اور خوش حالی کی ضمانت ہے۔
……………………………
اس خبر کو بھی پڑھیے….کامران ٹیسوری کی قیادت میں پی آئی بی کا وفد بہادرآباد پہنچ گیا

کراچی:(ملت آن لائن) ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کی ہدایت پر کامران ٹیسوری کی قیادت میں پی آئی بی کالونی سے وفد بہادرآباد گیا اور وہاں موجود رہنماؤں سے ملاقات کی۔ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ پی آئی بی کالونی سے وفد بہادرآباد گیا ہو، اس سے قبل متعدد مرتبہ بہادرآباد سے مختلف وفود پی آئی بی کالونی آئے تھے، وفد میں خواجہ سہیل منصور اور عبدالوسیم شامل تھے۔ ایم کیو ایم بہادر آباد کی جانب سے عامرخان، کنور نوید جمیل، امین الحق، فیصل سبزواری، خالد سلطان اور دیگر شامل تھے۔ مذاکرات تقریباً 3گھنٹے تک جاری رہے۔جس میں پی آئی بی گروپ کی جانب سے ڈاکٹر فاروق ستار کاپیغام اور تجاویز دی گئیں۔ ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کامران ٹیسوری نے ازراہ مذاق کہا کہ پوچھنے آیا ہوں کہ مجھے کیوں نکالا۔ انھوں نے کہا کہ ڈاکٹر فاروق ستار کی ہدایت پر ملاقات کرنے آ ئے ہیں، مثبت پیش رفت ہوئی ہے، آگے بھی بات چیت کا سلسہ جاری رہے گا، ہم سب ایک ہی گھرانے سے ہیں۔ کامران ٹیسوری نے کہا کہ ڈاکٹر فارق ستار ایم کیوایم اور ووٹرز کو تقسیم نہیں کرنا چاہتے، ایک 2 مزید ملاقاتوں میں بہت سی باتیں واضح ہوجائیں گی گزشتہ باتوں کو پیچھے چھوڑ کر آگے جانا چاہتے ہیں، بھائیوں میں اختلافات ہوجاتے ہیں مگر اس کا حل نکل آتا ہے۔ دوسری جانب ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رکن سید فیصل سبزاوری نے کہا کہ ہماری پوری کوشش ہے کہ ایم کیو ایم کو نقصان سے بچائیں، مفاہمت اور بات چیت کا دروازہ بند نہیں کرسکتے ، فارمولا کیا ہے اس بارے میں ڈاکٹر فاروق ستار ہی بتاسکتے ہیں۔ علاوہ ازیں ایم کیو ایم بہادرآباد سے جاری اعلامیے کے مطابق خالد مقبول صدیقی نے ڈسٹرکٹ سینٹرل کے جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب میں کہا ہے کہ ایم کیوایم پاکستان میں جو تقسیم نظر آرہی ہے وہ آج رات ہی ختم ہوسکتی ہے لیکن شرط یہ رکھی گئی کہ ہم اصولوں سے پیچھے ہٹ جائیں اور شخصیت پسندی کو آگے لے آئیں۔اگر آج ہم اصولوں سے ہٹ گئے تو یہ مفادات اور شخصیت پسندی کی جیت ہوگی۔