خبرنامہ پاکستان

ترقی کیلئے جمہوری نظام بہترین آپشن قرار، وزیراعظم

ترقی کیلئے جمہوری نظام بہترین آپشن قرار، وزیراعظم
فیصل آباد(ملت آن لائن) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ترقی کیلئے جمہوری نظام کو بہترین آپشن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی، انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے اور فیصلہ عوام کریں گے، مختلف شعبہ جات میں غیر ملکی سرمایہ کاری حکومت کی مثبت پالیسیوں پر اعتماد کی مظہر ہے، حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے، حکومت کی مثبت پالیسیوں کے نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو یہاں ہنڈائی کار پلانٹ کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر وزیر تجارت پرویز ملک، وزراء مملکت عابد شیر علی، طلال چوہدری، ارکان پارلیمان، ممتاز صنعت کار اور کاروباری شخصیات بھی موجود تھیں۔ وزیراعظم نے شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی مثبت پالیسیوں کے نتائج سامنے آ رہے ہیں، ہنڈائی اور نشاط گروپ کی سرمایہ کاری پر ان کے مشکور ہیں، یہ حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسی پر اعتماد کی عکاسی ہے، حکومت کی مستحکم پالیسیوں میں تسلسل کے نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نجکاری کی پالیسی خاصی کامیاب رہی ہے، حکومت کا کام کاروبار کرنا نہیں، اس تناظر میں سابق وزیراعظم نواز شریف نے ملک میں نجکاری کا عمل شروع کیا، آج ہر کوئی اس کی بات کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں سیاسی عدم استحکام اور پالیسیوں میں عدم تسلسل کی وجہ سے مسائل کا سامنا رہا لیکن اب پالیسیوں کے استحکام اور تسلسل کے نتیجہ میں کامیابیاں حاصل ہو رہی ہیں اور مختلف شعبہ جات میں غیر ملکی سرمایہ کاری آ رہی ہے، یہ وہ اصل پاکستان ہے جہاں سرمایہ کاری آ رہی ہے اور مقامی و غیر ملکی سرمایہ کار حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آگے بڑھنے کیلئے جمہوری نظام ہی بہترین آپشن ہے، حکومت اپنی مدت پوری کرے گی، انتخابات آئندہ سال اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے اور عوام فیصلہ کریں گے۔ وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ ہنڈائی کی سرمایہ کاری مقامی صنعتی شعبہ کی ترقی کیلئے مفید ثابت ہو گی، حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ کے بحران پر قابو پا لیا ہے، آج مؤثر پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں سستی بجلی دستیاب ہے، اس کے علاوہ ملک میں گیس ٹرمینل بھی لگ رہے ہیں اور موٹرویز بن رہی ہیں، موجودہ حکومت نے جب اقتدار سنبھالا تو ملک میں 580 کلومیٹر طویل موٹرویز تھیں اور آج 1800 کلومیٹر سے زائد موٹرویز بن چکی ہیں یا تکمیل کے مراحل میں ہیں۔