خبرنامہ پاکستان

ترک صدر17 نومبر کو پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرینگے

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) ترک صدر طیب رجب اردگان17 نومبر جمعرات کو پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرینگے۔ ترک صدر دوسری مرتبہ پاکستانی پارلیمنٹ سے خطاب کا اعزاز حاصل کریں گے۔ اس سے قبل وہ پاکستان پیپلز پارٹی کے دور اقتدار میں بھی پارلیمنٹ سے خطاب کر چکے ہیں۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اجلاس کی صدارت کریں گے جبکہ چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔ و زیر اعظم میاں محمد نواز شریف خود بھی اجلاس میں موجود ہونگے جبکہ انہوں نے حکمران جماعت کے تمام ارکان کو بھی اجلاس میں شریک ہونے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر برائے پارلیمانی امور اور ایوان میں حکمران جماعت کے چیف وہپ شیخ آفتاب کی ذمہ داری لگائی گئی ہے کہ وہ حکمران جماعت کے زیادہ سے زیادہ ارکان کی حاضری یقینی بنائیں ۔