خبرنامہ پاکستان

تسلیم کرتا ہوں کل کا شو فلاپ تھا: نعیم الحق

تسلیم کرتا ہوں کل

تسلیم کرتا ہوں کل کا شو فلاپ تھا: نعیم الحق

کراچی:(ملت آن لائن)ترجمان چیئرمین تحریک انصاف نعیم الحق نے دنیا نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تسلمی کرتا ہوں کل کا شو فلاپ تھا۔ نعیم الحق نے کہا کہ جلسے کا مقصد ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانا تھا، مجموعی طور پر جو فیصلے کئے گئے، ان میں کچھ خامیاں رہ گئی تھیں، احتجاجی جلسے کا مقصد شہباز شریف اور رانا ثناء اللہ کا استعفیٰ حاصل کرنا تھا، یہ ٹھیک ہے کہ ہمارے کارکن اپنا جلسہ سمجھ کر نہیں آئے لیکن انصاف کے حصول کے لئے طاہر القادری کے ساتھ ہیں۔
مال روڈ جلسہ ختم: 2 روز بعد اگلے لائحہ عمل کا اعلان ہو گا، شیخ رشید مستعفی
نعیم الحق نے مزید کہا کہ سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی میں استعفوں کے معاملے پر غور ہو گا، اسمبلی میں عوام کی فلاح وبہبود کے لئے کبھی قانون سازی نہیں کی گئی، ختم نبوت کے حلف نامے میں ایسی ترمیم کی گئی جو اسلام کی روح کے منافی تھی۔

…………………………………………..

اس خبر کو بھی پڑھیے…عمران خان کی غیر پارلیمانی زبان،اپوزیشن اتحاد کی اُمیدیں دم توڑ گئیں

کراچی: (ملت آن لائن) مسلم لیگ (ن ) کی حکومت کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد کے لئے کی جانے والی کوششوں کو ایک مرتبہ پھر اُس وقت دھچکا لگا، جب تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پارلیمنٹ کے حوالے سے انتہائی غیر پارلیمانی زبان استعمال کی، جس سے یہ اُمید یں دم توڑ تی جا رہی ہیں کہ ملک میں عام انتخابات سے قبل اپوزیشن جماعتوں کا کوئی منظم اور مستحکم اتحاد قائم ہوسکتا ہے۔ پیپلز پارٹی کے ذرائع کے مطابق کارکنان کے شدید دباؤ کے باوجود آصف علی زرداری نے اپوزیشن جماعتوں کو متحد کرنے کیلئے کی جانے والی کوششوں کی تائید کی اور تحریک انصاف کے سر براہ عمران خان کے ساتھ ایک اسٹیج پر بیٹھنے کا عندیہ دیا۔ لاہور میں پاکستان عوامی تحریک کے تحت بدھ کو ہونے والا اجتماع اسی سلسلے کی کڑی تھی، لیکن عمران خان کے انتہائی نامناسب رویے اور پارلیمنٹ کے حوالے سے نازیبا جملوں کے استعمال کے بعد اب پیپلز پارٹی کے لئے بہت مشکل ہو گا کہ وہ تحریک انصاف کے ساتھ کسی انتخابی اتحاد یا سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر غور کرے۔ مبصرین کے مطابق قومی اسمبلی میں عمران خان اور شیخ رشید احمد کے خلاف مذمتی قرارداد میں ساتھ دے کر پیپلز پارٹی نے نہ صرف عمران خان کے بیان کی مذمت کی ہے بلکہ یہ اعلان کر دیا ہے کہ وہ انتخابی میدان میں اس طرح کی کسی جماعت سے اتحاد یا سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں کرے گی۔ شیخ رشید اور عمران خان کے نا مناسب رویے اور پارلیمنٹ کے حوالے سے نازیبا جملوں کے استعمال پر مسلم لیگ (ق) اور دیگر اپوزیشن جماعتوں نے بھی ناراضی کا اظہار کیا ہے۔ مبصرین کے مطابق موجودہ حکومت کی مدت ختم ہونے میں تقریباً سوا چار ماہ رہ گئے ہیں اور امکان یہ تھا کہ اس سے قبل اپوزیشن کا کوئی بڑا اتحاد سامنے آئے گا اور اس ضمن میں طاہر القادری کی کوششوں کو اہم قراردیا جا رہا تھا، مگر اچانک پیدا ہونے والی تلخیوں نے ایک مرتبہ پھر اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد کی اُمید توڑ دی ہے۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی دیگر چھوٹی جماعتوں کے ساتھ مل کر اتحاد کے لئے کوشش کر رہی ہے اور امکان ہے کہ اس حوالے سے آئندہ چند روز میں اہم پیش رفت ہو گی۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ حکومت کو ٹف ٹائم دینے ا ور سینیٹ انتخابات روکنے کے لئے تحریک انصاف اور پیپلزپارٹی کے مابین بیک ڈور ہونے والی بات چیت بھی متاثر ہوئی ہے ، تاہم بعض رہنما اس حوالے سے اب بھی رابطوں میں مصروف ہیں۔مبصرین کے مطابق بدھ کو لاہور میں ہونے والا احتجاجی جلسہ متاثر کن نہیں رہا ،جس میں ایک طرف عوام کی شرکت کی کمی اور دوسری جانب مختلف خیال جماعتوں کے مابین عدم اعتماد کی فضا دیکھنے میں آئی ہے ، جس کے اثرات آئندہ عام انتخاب پر پڑ سکتے ہیں۔