خبرنامہ پاکستان

تعلیمی اداروں میں شدت پسندی کی روک تھام کیلیے ایڈوائزری جاری

تعلیمی اداروں میں شدت پسندی کی روک تھام کیلیے ایڈوائزری جاری
اسلام آبا:(ملت آن لائن) ملک کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں شدت پسندی کے بڑھتے ہوئے رجحانات، پرتشدد واقعات اورطلبا کو وطن دشمن عناصرکی سازش سے بچانے کیلیے ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے ملکی جامعات میں طلبا کی کونسلنگ، طلبا ڈائریکٹوریٹس کا قیام ، کھیل اور غیر نصابی سرگرمیوں کے فروغ جیسے اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے باقاعدہ مراسلہ جاری کردیا ہے۔ ایچ ای سی نے ملکی جامعات کی سیکیورٹی بڑھانے، زیر تعلیم طلبا واساتذہ کے مابین رابطوں کو فروغ دینے، طلبا کے ڈائریکٹوریٹس بنانے، غیر نصابی سرگرمیوں کا انعقاد تواتر سے یقینی بنانے جبکہ تحمل، برداشت، بردباری، سماجی حقوق کے ادراک پر مبنی لیکچرز کے انعقاد پر مبنی5 نکاتی ایڈوائزری جاری کی ہے۔ ایڈوائزری میں جامعات کے وائس چانسلرز، ریکٹرز اور سربراہان کے نام جاری کیے گیے۔ ایڈوائزری لیٹر نمبر (No.10-1/A&C/HEC/2017/606) میں ملکی جامعات پر زور دیا گیا ہے کہ طلبا اور یونیورسٹی اسٹاف میں بنیادپرستی اور دہشت گردی کی طرف بڑھتے رجحان اور مواقع کی روک تھام کے لیے پروگرامز ترتیب دیں۔