خبرنامہ پاکستان

تعلیم ترقی کی کلید ہے‘ وزیراعظم

اقتصادی رابطہ

تعلیم ترقی کی کلید ہے‘ وزیراعظم
اسلام آباد(ملت آن لائن)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ تعلیم ترقی کی کلید ہے‘ عمر کی پرواہ کئے بغیر علم کی جستجو جاری رہنی چاہئے‘ حکومت خصوصی بچوں کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کرے گی۔ انہوں نے یہ بات مختلف سکولوں اور اداروں سے تعلق رکھنے والے خصوصی بچوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے منگل کو وزیراعظم آفس میں ان سے ملاقات کی۔ وزیر مملکت کیڈ طارق فضل چوہدری ‘ وزیراعظم کے معاون خصوصی علی جہانگیر صدیقی ‘ ارکان قومی اسمبلی شیزا فاطمہ خواجہ اور رومینہ خورشید عالم بھی اس موقع پر موجود تھیں۔ خصوصی بچے وزیراعظم سے مل کر بہت خوش ہوئے‘ ایک بچے نے خوش الحانی سے نعت پڑھی جبکہ دیگر بچوں نے اپنے مستقبل کی خواہشات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے تعلیم میں ان کی گہری دلچسپی اور مختلف نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں میں جوش و خروش سے شرکت کو سراہا۔ وزیراعظم نے بھرپور انسانی صلاحیت کو بروئے کار لانے کے حوالے سے تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم ترقی کی کلید ہے ‘ عمر کی پرواہ کئے بغیر علم کی جستجو جاری رہنی چاہئے۔ کابینہ روم میں بیٹھے ہوئے بچوں کو حکومت کے امور کار کے حوالے سے آگاہ کیا گیا یہ ملاقات سکول کے بچوں کو حکومت کے اعلیٰ ترین آفس میں مدعو کرنے اور وفاقی کابینہ کے امور کار کے بارے میں متعارف کروانے کے اقدام کا حصہ تھی ۔ وزیر اعظم سے ملاقات کرنے والے بچوں نے جسمانی طور پر معذور بچوں کی ضروریات سے متعلق بعض مسائل بھی اجاگر کئے اور خصوصی بچوں کو زیادہ معاونت کی فراہمی کے لئے وفاقی حکومت کو بعض تجاویز بھی دیں۔ وزیراعظم نے انہیں یقین دلایا کہ حکومت ان مسائل کا جائزہ لے گی اور انہیں ترجیح بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔