خبرنامہ پاکستان

تمام سیاسی جماعتوں کو متحد ہونا پڑے گا: شیرپاؤ

تمام سیاسی جماعتوں کو متحد ہونا پڑے گا: شیرپاؤ

اسلام آباد: (ملت آن لائن) قومی وطن پارٹی کے چئیرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ ملک میں بے یقینی کی صورتحال کے خاتمے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو متحد ہونا پڑے گا، حکومت کے خاتمے سے کسی کو فائدہ نہیں ہوگا،اپنے مفادات کو پس پشت ڈال کر ملک و قوم کے مفاد کا فیصلہ کرنا ہوگا۔ افغانستان کو الزامات لگانے کی بجائے مل بیٹھ کر آگے بڑھنا ہوگا، افغان صدر کے دورہ پاکستان کیلئے کوششیں کرنا ہوں گی۔ جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں اگر بے یقینی کی فضاء ہو تو سرمایہ کاری و ترقی کا عمل متاثر ہوتا ہے، ایسی صورتحال ملک و قوم کیلئے نقصان دہ ہے، تمام سیاسی جماعتوں کو مل بیٹھ کر بے یقینی اور انارکی کی صورتحال کے خاتمے کیلئے متحد ہونا پڑے گا۔ ماضی کی حکومت نے آئینی طور پر اپنی مدت پوری کی، ہم چاہتے ہیں کہ موجودہ حکومت بھی اپنی آئینی مدت پوری کرے۔انہوں نے حکومت کے خاتمے سے کسی کو فائدہ نہیں ہوگا، ہمیں اپنے مفادات کو پس پشت ڈال کر ملک و قوم کے مفاد کا فیصلہ کرنا ہوگا۔ اس حوالے سے سیاسی لیڈروں میں سنجیدگی ہونی چاہئے۔ آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے کہا کہ آرمی چیف نے افغانستان کا دورہ کیا۔ اس موقع پر افغان صدر نے پاکستان کے دورہ کی دعوت قبول کی، دونوں ممالک کو مل بیٹھ کر مستقبل کے فیصلے کرنے ہوں گے اور ایک دوسرے پر الزامات لگانے سے گریز کیا جائے، حکومت کو سفارتی سطح پر افغان صدر کے دورہ پاکستان کے لئے کوششیں تیز کرنا ہوں گی تاکہ دونوں ممالک مل بیٹھ کر مسائل کا حل نکال سکیں۔ آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے کہا کہ حلقہ بندیوں کی وجہ سے پنجاب کی نشستیں کم ہو رہی ہیں۔ انہوں نے اعتراض نہیں کیا، اس کا فائدہ بلوچستان اور کے پی کے کو ہوا ہے۔