خبرنامہ پاکستان

تمام محکموں میں اردوزبان لازم قرار: وزیراعظم

اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم نواز شریف نے تمام وزارتوں، محکموں اور اداروں میں اردو کو بطور سرکاری زبان استعمال کرنے کیلئے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ آئینی تقاضا ہے پہلے ہی بڑی تاخیر ہو چکی ہے، تمام وزارتوں اور سرکاری محکموں میں اردو کی ترویج کیلئے کئے گئے اقدامات کی جامع رپورٹ پیش کی جائے۔جمعہ کو وزیراعظم نواز شریف سے مشیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی اور وزیراعظم کو اپنے ڈویژن کے تحت چلنے والے اداروں کی کارکردگی اور مستقبل کے منصوبوں سے آگاہ کیا۔وزیراعظم نواز شریف نے ملک کے علمی و ادبی ادارے ازسرنو متحرک ہونے پر مسرت کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ تمام وزارتوں، محکموں اور سرکاری اداروں میں اردو کو بطور سرکاری زبان استعمال کرنے کے فوری اقدامات کرنے چاہئیں، یہ ایک آئینی تقاضا ہے جس میں پہلے ہی بڑی تاخیر ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری اداروں کو پھر سے ان دس نکات کی طرف توجہ دلائی جائے جو پہلے ہی جاری کئے جا چکے ہیں، تمام وزارتوں اور سرکاری محکموں میں اردو کی ترویج کیلئے کئے گئے اقدامات کی جامع رپورٹ پیش کی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ قومی تاریخ اور نامور شخصیات پر مشتمل کتب کی اشاعت کا اہتمام کیا جائے تا کہ ہماری نوجوان نسل اپنی تاریخ و ثقافت سے آگاہ ہو،شاعروں، ادیبوں، فنکاروں اور دانشوروں کے مسائل کے حل اور حکومت کی طرف سے ان کی ممکنہ سرپرستی اور مدد کا جامع منصوبہ بھی بنایا جائے کیونکہ یہی لوگ ہماری حقیقی میراث ہیں ان کی قدر افزائی حکومت کی ذمہ داری ہے۔(اح)