خبرنامہ پاکستان

تونسہ شریف میں پی ٹی آئی کا جلسہ آج ہو گا، انتظامات مکمل

تونسہ شریف میں پی ٹی آئی کا جلسہ آج ہو گا، انتظامات مکمل
تونسہ شریف: (ملت آن لائن) پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان آج تونسہ شریف میں جلسہ سے خطاب کرینگے، جلسہ کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ 80 فٹ طویل اور 10 فٹ چوڑا سٹیج بنایا گیا ہے، جلسہ گاہ میں 20 ہزار کرسیاں لگا دی گئی ہیں۔ پارکنگ کے لیے جگہ مخصوص کر دی گئی، ہیلی پیڈ بھی بنا دیا گیا، پولیس، ایلیٹ فورس اور پی ٹی آئی کے کارکن جلسہ گاہ میں سکیورٹی خدمات سرانجام دیں گے۔ جلسہ گاہ میں مردوں اورخواتین کے لیے الگ الگ انتظام کیا گیا ہے۔ جلسہ کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ڈی سی او ڈیرہ اور پی ٹی آئی رہنما خواجہ شیراز محمود، سیف کھوسہ، ملک اقبال ثاقب اور احمد علی دریشک نے جلسہ گاہ کا دورہ کیا۔ آج کے جلسہ میں پی ٹی آئی کے تمام مرکزی قائدین شرکت کریں گے۔ دریں اثنا جلسہ میں شرکت کیلئے قافلے پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔ ادھر جلسہ گاہ کے دورے کے بعد پی ٹی آئی کے ایم پی اے احمد خان دریشک، سابق وزیر خواجہ شیراز محمود اور ڈاکٹر شاہینہ نجیب کھوسہ نے کہا ہے کہ ملک کی موجودہ گھمبیر صورتحال میں عمران خان مظلوموں کے لیے امید بن کر ابھر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج تونسہ شریف آمد پر عمران خان کا تاریخی استقبال کیا جائے گا۔ اس موقع پر شہزاد احمد کھوسہ، خواجہ اﷲ بخش، خواجہ نعیم جمال، قمر زمان ملغانی، سردار مدثر خان کھتران، تیمور ناصر درانی بھی موجود تھے۔