خبرنامہ پاکستان

توہین عدالت: وفاقی وزیر دانیال عزیز پر آج فرد جرم عائد ہوگی

توہین عدالت

توہین عدالت: وفاقی وزیر دانیال عزیز پر آج فرد جرم عائد ہوگی

اسلام آباد:(ملت آن لائن) توہین عدالت کیس میں وفاقی وزیر دانیال عزیز کے خلاف آج فرد جرم عائد کی جائے گی۔ جسٹس عظمت سعید کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 3 رکنی بینچ دانیال عزیز کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کرے گا۔ توہین عدالت کیس میں سپریم کورٹ نے دانیال عزیز کی جانب سے جمع کرایا گیا جواب غیرتسلی بخش قرار دیتے ہوئے ان پر فرد جرم عائد کرنے کے لئے آج کی تاریخ مقرر کی تھی۔
توہین عدالت کیس: سپریم کورٹ کا دانیال عزیز پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ دانیال عزیز نے اپنی درخواست میں کہا تھا کہ درخواست گزار پاکستان کے آئین کی بالادستی پر یقین رکھتا ہے اور کبھی ریاستی اداروں کی توہین و تضحیک کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ یاد رہے کہ چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے ٹی وی ٹاک شوز کے دوراندانیال عزیز کے عدلیہ مخالف بیانات پر 2 فروری کو توہین عدالت کا ازخودنوٹس لیتے ہوئے بنچ تشکیل دیا تھا۔
………………………..
اس کبر کو بھی پڑھیے…شہباز شریف مسلم لیگ (ن) کے مستقل صدر منتخب

اسلام آباد:(ملت آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف حکمراں جماعت مسلم لیگ (ن) کے مستقل صدر منتخب ہوگئے۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی کے بعد مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلس عاملہ نے شہباز شریف کو قائم مقام صدر منتخب کیا تھا جب کہ مستقل صدر کے انتخاب کے لئے آج جنرل کونسل اجلاس میں فیصلہ کیا جانا تھا۔ شہباز شریف کے مقابلے میں کسی بھی امیدوار کی جانب سے پارٹی الیکشن کمیشن میں کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے گئے جس کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف مسلم لیگ (ن) کے مستقل صدر منتخب ہوگئے تاہم اس کی توثیق جنرل کونسل اجلاس میں ہوگی۔ اسلام آباد کے کنونشن سینٹر میں مسلم لیگ (ن) کی جنرل کونسل کا اجلاس جاری ہے جہاں کارکنوں کی بڑی تعداد موجود ہے اور بدنظمی کے باعث کارکنان کے ہال کے دروازے اور ایک واک تھرو گیٹ کو بھی توڑ دیا۔ دھکم پیل کی وجہ سے مسلم لیگ (ن) کے تقریباً 10 کارکنان بھی زخمی ہوئے جب کہ بدنظمی کے باعث کنونشن سینٹر میں میڈیا کا داخلہ بند کر دیا گیا۔ سابق وزیراعظم نواز شریف، شہباز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے دیگر رہنما اجلاس میں شرکت کریں گے جب کہ مریم نواز کی بھی آمد متوقع ہے۔