خبرنامہ پاکستان

تیس اکتوبر پلان‘ سیاستدانوں نے لندن کو سیاسی سرگرمیوں کا مرکز بنا لیا

طاہرالقادری کے پیچھے پیچھے شیخ رشید اور چودھری سرور بھی لندن پہنچ گئے ‘جہانگیر ترین نے بھی رخت سفر باندھ
لاہور (آئی این پی) پاکستانی سیاستدان ایک بار پھر لندن یاترا پر روانہ ہو گئے۔ طاہرالقادری کے پیچھے پیچھے شیخ رشید اور چودھری سرور بھی لندن چلے گئے جبکہ جہانگیر ترین نے بھی رخت سفر باندھ لیا۔ تفصیلات کے مطابق عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کچھ دن قبل پاکستان میں تمام مصروفیات ترک کرکے کینیڈا گئے جہاں سے وہ لندن پہنچ گئے۔طاہرالقادری کی تحریک قصاص کے دوران ہی لندن روانگی پر یہ خبریں بھی سامنے آئیں کہ وہ اپنے سیاسی کزن عمران خان سے ناراض ہو کر گئے ہیں۔ رابطہ کاروں نے طاہرالقادری کو منانے کی کوشش لیکن معاملہ حل نہ ہوا جس کے بعد عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید بھی لندن پہنچ گئے۔تاثر یہ دیا گیا ہے کہ وہ طاہرالقادری کو تحریک انصاف کے تیس اکتوبر کو اسلام آباد بند کرنے کے پروگرام میں ساتھ دینے کے لیے منانے گئے ہیں۔ ادھر تحریک انصاف کے رہنما چودھری سرور بھی اتوار کی صبح لندن روانہ ہو گئے جبکہ اتوار اور پیر کی درمیانی رات جہانگیر ترین بھی لندن روانہ ہو رہے ہیں۔چودھری سرور نے اپنے دورے کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے خلاف یورپی ممالک کے منتخب اداروں سے قراردادیں منظور کروانا اور بھارت کے خلاف لابنگ بتایا ہے۔ تاہم چودھری سرور کے طاہرالقادری کے ساتھ اچھے مراسم ہونے کی وجہ سے ذرائع ان کی لندن روانگی کو بھی بڑی اہمیت دے رہے ہیں۔