خبرنامہ پاکستان

تیس اکتوبر کو پی ٹی آئی کے ڈنڈا بردار پختونخوا سے آئیں گے، ذرائع

اسلام آباد(ملت+آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف نے 30اکتوبر کو اسلام آباد بند کرنے کے لئے ڈنڈا بر دارفورس کی ٹریننگ کے لئے اہم رہنماؤں کو ٹاسک سونپ دیا ‘وفاقی دار الحکومت کے اہم داخلی راستے بند کرنے کیلئے بھی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں، زیادہ تر ڈنڈا بردار کے پی کے سے لائے جائیں گے‘ ڈنڈا برداروں کو پولیس سے لڑنے کی ٹریننگ بھی دی جائے گی ۔ہفتہ کو باخبر ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے پانامالیکس کے معاملے پر احتجاج کے فائنل راونڈکے لئے 30اکتوبر کو اسلام آباد بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کے لئے اسلام آباد کے تمام اہم داخلی راستے بند کر کے نظام زندگی کو معطل اور سرکاری امور کو ٹھپ کروانے کے منصوبے کو عملی جامہ پہنانے پر کام ہو رہا ہے ، ذرائع کے مطابق روات،گولڑہ موڑ،ترنول ،بہارہ کہو، فیض آباد،راول ڈیم چوک، نائنتھ ایونیو،چوہڑ چوک سمیت کئی داخلی راستوں پر ڈنڈا بردار بٹھائے جائیں گے جو نہ صرف راستے بند کرینگے بلکہ پولیس سے بھی لڑائی جھگڑا کر کے ان راستوں سے ہونے والی نقل و حرکت کو روکیں گے ، ذرائع کے مطابق ڈنڈا بردار فورس کی تیاری اور تربیت کے لیے اہم رہنماؤں کو اہداف دے دیے گئے ہیں اور اس فورس میں زیادہ تر نوجوانوں کو شامل کیا جائے گا جو کے پی کے سے ہونگے ، دس محرم کے بعد اس فورس کی باقاعدہ ٹریننگ کا عمل شروع ہو جائے گا ،دوسری طرف مرکزی رہنماؤں پر مشتمل کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئی ہیں جنھیں راستے بند کرنے کے لئے مختلف مقامات کا انچارج مقرر کیا جائے گا اور ایک رہنما کو ایک ہی راستے کو بند کرنے کا ہدف دیا جائے گا۔