خبرنامہ پاکستان

جاوید ہاشمی کا ایک بار پھر مسلم لیگ میں شمولیت کا عندیہ

ملتان: (ملت+اے پی پی) سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے ایک بار پھر مسلم لیگ میں شمولیت کا عندیہ دے دیا ۔ مخدوم جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ بنیادی طور پر مسلم لیگی ہو جانا چاہوں تو کون روک سکتا ہے ، ابھی تک فیصلہ نہیں کیا لیکن بہت جلد مسلم لیگ میں شمولیت کا فیصلہ کرونگا ۔ ملتان پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ ملک کے اندر قوتوں کو ڈی سنٹرلائز کر کے صوبے زیادہ بنانے چاہیے تاکہ وہ اپنے مسائل حل کر سکیں ، یہ سوچ اب چھوڑ دینی ہو گی کہ سارے فیصلے اب پنجاب میں ہونگے ۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کے الیکشن نے ثابت کر دیا ہے کہ اکثریتی حمائیت کچھ نہیں ہوتی ۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا اب دوسرے ممالک میں ٹانگ اڑانے والا ملک نہیں رہا اسکے اپنے ملک میں آگ لگی ہے ۔ انکا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ دوسرا گوربا چوف ہے لیکن یہ اس سے بھی بدتر ہو گا جسکی پالیسیوں سے امریکا تقسیم ہو گا ۔ انکا کہنا تھا کہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ چائنا ہمارے ملک میں آیا ہے ، چائنا دینے والا اور امریکا لینے والا ہے اسکی معیشت اور ڈالر بیٹھ رہا ہے ۔ انکا کہنا تھا کہ ہمارے ملک کے حکمرانوں کو چاہیے کہ نیا تھنک ٹینک بنا کر آنے والے چیلنجز سے نمٹنے کی کوشش کریں ۔