خبرنامہ پاکستان

جاپان پاکستان کا اہم تجارتی شراکت دارہے، وزیراعظم

جاپان پاکستان کا اہم تجارتی شراکت دارہے، وزیراعظم

ڈیووس:(ملت آن لائن) عالمی اقتصادی فورم میں شرکت کے لیے سوئٹزرلینڈ میں موجود وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے جاپان ایکسٹرنل ٹریڈ آرگنائزیشن (جیٹرو) کے چیف ایگزیکٹو نے ملاقات کی۔ سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں ہونے والی ملاقات میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے ہمراہ معاون خصوصی علی جہانگیر صدیقی، رکن قومی اسمبلی شیزہ فاطمہ اور دیگر حکام موجودتھے۔ اس موقع پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جاپان پاکستان کا اہم تجارتی شراکت دارہے، تجارت اور سرمایہ کاری کے لیے مسلسل تعاون پرجیٹرو کے مشکور ہیں۔
بل گیٹس کی انسداد پولیو سے متعلق پاکستان کی کوششوں کی تعریف
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان تمام ایشیائی ملکوں سے معاشی سرگرمیاں بڑھاناچاہتا ہے، پاکستان میں سیاسی استحکام، امن و امان اور معاشی ترقی میں بہتری ہورہی ہے جسے عالمی اداروں نے تسلیم کیا ہے۔ ملاقات کے دوران جیٹرو کے چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ معیشت کے مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے جبکہ انہوں نے پاکستان میں معاشی ترقی کا بھی اعتراف کیا۔ خیال رہے کہ مائیکروسافٹ اور بل ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے بانی بل گیٹس نے بھی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی ہے اور انہوں نے انسداد پولیو اور صحت عامہ کے امور سے متعلق حکومت پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی ہے۔ سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں گذشتہ روز (23 جنوری) سے شروع ہونے والا عالمی اقتصادی فورم کا 48 واں اجلاس 26 جنوری تک جاری رہے گا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی فورم کے بانی اور ایگزیکٹو چیئرمین کی دعوت پر اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں۔
سی پیک خطے میں خوشحالی کا باعث ہوگا، وزیراعظم
عالمی اقتصادی فورم میں شرکت کے دوران وزیراعظم شاہد خاقان عباسی عالمی بینک، بین الاقوامی مالیاتی فنڈ، ایشیائی ڈیولپمنٹ بینک، اسلامی ترقیاتی بینک کے سربراہوں کے علاوہ دیگر ممالک کے صدور اور وزرائے اعظم سے اہم ملاقاتیں کریں گے جن کے دوران دوطرفہ اقتصادی تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے بارے میں ثمرآور تبادلہ خیال ہوگا۔ دوسری جانب عالمی میڈیا کے ساتھ انٹرویوز بھی وزیراعظم کے پروگرام کا حصہ ہیں۔ عالمی اقتصادی فورم اجلاس میں 70 سے زائد ملکوں کے سربراہان، 38 سے زائد عالمی تنظیموں کے سربراہ جبکہ سیاست، کاروبار اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے 3 ہزار سے زائد افراد شرکت کر رہے ہیں۔ اس اجلاس میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی بھی شریک ہیں، جنہوں نے گذشتہ روز ایک سیشن سے خطاب کیا جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ فورم کے آخری روز یعنی جمعے کو اختتامی خطاب کریں گے۔