خبرنامہ پاکستان

جذبہ خیر سگالی کے تحت 145 بھارتی ماہی گیر رہا

جذبہ خیر سگالی کے تحت 145 بھارتی ماہی گیر رہا

کراچی:(ملت آن لائن) جذبہ خیر سگالی کے تحت ملیر جیل میں قید 145 بھارتی ماہی گیروں کو رہا کر دیا گیا۔ملیر جیل سے رہائی پانے والے 145 بھارتی ماہی گیروں کو سخت سیکیورٹی میں کراچی کے کینٹ اسٹیشن سے بذریعہ علامہ اقبال ایکسپریس لاہور روانہ کر دیا گیا، جہاں سے وہ واہگہ بارڈر کے ذریعے بھارت جائیں گے۔بھارتی ماہی گیروں کو سخت سیکیورٹی میں ملیر جیل سے اسپشل پولیس کی نگرانی میں کینٹ اسٹیشن لایا گیا، کینٹ اسٹیشن پر بھی سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، ریلوے پولیس اور اسپشل پولیس اہلکاروں کے علاوہ ایدھی کے رضاکار بھی موجود تھے۔واضح رہے کہ بھارتی ماہی گیر ملیر جیل میں تقریباً ایک سال سے قید تھے جنھیں سمندری حدود کی خلاف ورزی پر حراست میں لیا گیا تھا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایدھی فاونڈیشن کے نگران فیصل عبدالستار ایدھی نے کہا کہ 2017 میں سیکڑوں قیدیوں کو ملیر جیل سے رہا کیا گیا، مزید 145 بھارتی ماہی گیروں کو آئندہ چند روز میں رہا کیا جائے گا۔ دوسری جانب بھارتی ماہی گیروں کا کہنا تھا کہ جیل حکام کا ہمارے ساتھ رویہ اچھا تھا تاہم اپنے دیس جانے پر خوشی ہو رہی ہے جب کہ اس موقع پر بھارتی ماہی گیروں میں ایدھی فاونڈیشن کی جانب سے تحائف اور 5 ہزار روپے فی کس تقسیم کیے گئے۔