خبرنامہ پاکستان

جسٹس عظمت سعید شیخ صاحب کا احترام کرتے ہیں‘انکی صحت کیلئے دعا گو ہیں

اسلام آباد ( ملت +آئی این پی)تحریک انصاف کے رہنماء فواد چوہدری کا کہنا ہے جسٹس عظمت سعید شیخ صاحب کی صحت کے لیے دعا گو ہیں اور انکا احترام کرتے ہیں، جبکہ ہمیں ان پر مکمل اعتماد ہے۔ خبریں آرہی ہیں کہ انکی صحت یابی میں 48گھنٹے لگیں گے۔سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پانامہ کیس اپنے منطقی انجام تک پہنچے گا، وزیراعظم اور انکا خاندان جوابدہ ہے کہ خریدی گئی جائداد کے پیسے کہاں سے آئے، پاکستان کے لاکھوں کروڑوں لوگ وسائل جاننا چاہتے ہیں۔فوادچوہدری کا کہنا تھا کہ تینوں وکلاء ایک دوسرے پر ڈال رہے ہیں جس پر جسٹس کھوسہ نے کہا کہ آپ جوا کھیل رہے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کا گینگ جو یہاں بڑھکیں مارتا ہے اس کو منہ کی کھانا پڑے گی، وزراء شاید جانتے نہیں کے سپریم کورٹ کے ججز کے دانت بھی لوہے کے ہیں۔ترجمان تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ اگر پیسے حلال کے ہیں تو کوئی شرم نہیں آنی چاہیے کہ کہاں سے آئے ہیں، سپریم کورٹ نے بھی کہا کہ پاکستان کے اداروں نے کام نہیں کیا۔ اگر ادارے کام کررہے ہوتے تو ہمیں سپریم کورٹ نہ آنا پڑتا۔ جبکہ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشیدنے بھی جسٹس عظمت سعید کی صحت یابی کیلئے دعا کی ہے