خبرنامہ پاکستان

‘جسٹس فار زینب’ کیلئے ہر کوئی بول اٹھا

'جسٹس فار زینب'

‘جسٹس فار زینب’ کیلئے ہر کوئی بول اٹھا

قصور(ملت آن لائن) میں 7 سالہ بچی زینب کے مبینہ زیادتی کے بعد کے قتل کے واقعے پر جہاں ہر کوئی سوگوار ہے، وہیں کھیل اور شوبز سے تعلق رکھنے والے اسٹارز نے بھی سوشل میڈیا پر غم و غصہ کا اظہار کیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جسٹس فار زینب یعنی ’زینب کے لیے انصاف‘ کا ہیش ٹیگ بنایا گیا ہے، جو دیکھتے ہی دیکھتے اس وقت کا مقبول ترین ٹرینڈ بن چکا ہے۔

پاکستانی کھلاڑیوں اور شوبز اسٹارز نے اپنے اپنے پیغامات میں واقعے پر غم و غصے کا اظہار کیا۔

محمد حفیظ:

پاکستانی آل راؤنڈر کرکٹر محمد حفیظ نے اپنی ٹوئیٹ میں رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’ایک باپ ہونے کی حیثیت سے میں اُس بچی کے والدین کے درد کا تصور نہیں کرسکتا‘۔

انہوں نے لکھا کہ حکومت کو اس پر سخت ایکشن لینا چاہیے اور زینب کو انصاف ملنا چاہیے ساتھ ہی محمد حفیظ نے ان کے والدین سے تعزیت بھی کی۔

شاداب خان:

پاکستانی آل راؤنڈر کھلاڑی شاداب خان نے اپنی ٹوئیٹ میں لکھا کہ ’بچے اللہ کی رحمت ہوتے ہیں، زینب کا حادثہ انسانیت پر حملہ ہے، جس کا گہرا دکھ ہے۔ ہم یہ تک تصور نہیں کر سکتے کہ اس وقت بچی کے گھر والے کس کرب سے گزر رہے ہیں‘ ۔

ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ’ ہمیں لازمی آواز اٹھانی ہوگی،انصاف کرنا ہوگا‘۔

وہاب ریاض:

پاکستانی کرکٹر وہاب ریاض نے بھی واقعے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے اپنی ٹوئیٹ میں کہا کہ ’میں انکار کرتا ہوں کہ یہ حقیقت ہے اور ایسا ہمارے پاکستان میں ہورہا ہے لیکن سچائی کچھ مختلف ہی ہوتی ہے، یہ کیا ہورہا ہے؟ اور ہم ایسے واقعات کو دوبارہ ہونے سے کیسے روک سکتے ہیں؟

علاوہ ازیں وہاب ریاض نے بچی کے والدین کے لیے صبر کی دعا بھی کی۔

محمد عامر:

فاسٹ بالر محمد عامر نے بھی اپنے دکھ کا اظہار کیا اور ٹوئیٹ میں لکھا کہ’ ہم کس قسم کے معاشرے میں رہتے ہیں‘۔

ماورہ حسین:

اداکارہ ماورہ حسین نے بھی اپنی ایک ٹوئیٹ کے ذریعے غم و غصے کا اظہار کیا۔ ماورہ حسین نے اپنی ٹوئیٹ میں لکھا کہ ‘اس قدر ظلم اور جہالت! ہمیں شرم آنی چاہیے کہ ہم ایک قوم ہیں‘۔

ساتھ ہی انہوں نے پنجاب حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ ’انصاف کی اب کیا بات جب زیادتی اور قتل کے کیسز کی ایک لمبی قطار موجود ہے‘۔

ماہرہ خان:

اداکارہ ماہرہ خان ہمیشہ خواتین اور بچوں کے حقوق کے لیے ضرور آواز اٹھاتی ہیں، وہ اس بار بھی خاموش نہیں رہیں اور اپنی ٹوئیٹ میں انہوں نے لکھا کہ ’جب تک ہم ان بھیڑیوں کو عبرت کا نشان نہیں بنائیں گے اس وقت تک ان جرائم پر قابو نہیں پایا جاسکتا‘۔

منیبہ مزاری:

میزبان اور موٹیویشنل اسپیکر منیبہ مزاری نے بھی اس واقعے کو خوفناک قرار دیتے ہوئے اپنی ٹوئیٹ میں لکھا کہ ’7 سالہ فرشتے جیسی بچی زیادتی کا نشانہ بنی، ہم کس قسم کے معاشرے میں رہ رہے ہیں‘؟

آصفہ بھٹو:

سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری نے بھی ٹوئٹر پر بچی کے لیے انصاف کے حق میں آواز اٹھاتے ہوئے لکھا کہ ’زینب ایک معصوم بچی تھی جسے بے دردی سے زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا، میرا دل ٹوٹ گیا ہے، اللہ بچی کے گھر والوں کو صبر عطا فرمائے‘۔

ساتھ ہی انہوں نے ہیش ٹیگ میں لکھا کہ بچوں کے ساتھ زیادتی کے لیے متحد ہونا چاہیے۔

اس وقت زینب قتل کیس سوشل میڈیا پر سب سے زیادہ زیر بحث موضوع ہے اور پاکستانی اپنے اپنے تاثرات کا اظہار کر رہے ہیں۔