خبرنامہ پاکستان

جعلی ادویات کی فروخت کے خلاف کریک ڈاؤن شروع

اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے ملک کے مختلف شہروں میں جعلی اور مضر صحت ادویات کی فروخت کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈریپ کی فیڈرل انسپکشن ٹیموں نے مختلف علاقوں اور ادویات ساز اداروں پر چھاپے مارے اور غیر قانونی ادویات کے گھناؤنے جرم میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی۔ ڈریپ کی اسلام آباد میں کام کرنے والی ٹیم کے ہمراہ ایڈیشنل کمشنر اسلام آباد بھی ہیں جبکہ ڈریپ کی ایک اور فیڈرل انسپکشن ٹیم نے لاہور میں مختلف میڈیکل سٹوروں اور غیر قانونی طور پر ادویات کی تقسیم کرنے والے اداروں پر بھی چھاپے مارے۔ ڈریپ کی طرف سے جعلی، نقلی اور زائد المیعاد غیر قانونی ادویات کے خلاف بھرپور کارروائی کی جا رہی ہے جس کا مقصد دکھی انسانیت کو معیاری، مؤثر اور محفوظ ادویات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ فیڈرل ٹیم کی لاہور میں کارروائی کے دوران غیر قانونی ادویات کی برآمدگی اور کوالیفائیڈ عملہ کی غیر موجودگی کے باعث ہیلتھ کیئر نیوٹریشن لاہور کو سیل کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح میسرز محمود فارمیسی لاہور کو بڑے پیمانے پر غیر رجسٹرڈ جنسی ادویات رکھنے پر سیل کر دیا گیا۔ ان غیر رجسٹرڈ ادویات کی موجودگی ڈریپ کے ایکٹ 2012ء کی خلاف ورزی ہے ۔ ایک اور کارروائی کے دوران میسرز گرین فارمیسی لاہور کو غیر قانونی ادویات اور صحت کیلئے مضر دیگر مصنوعات کی برآمدگی پر سیل کر دیا گیا۔ گیزری کراچی کی ایک مارکیٹ میں واقع فارمیسی پر بھی چھاپہ مارا گیا جہاں پر کسی قسم کے خریداری بلوں کے بغیر غیر لسٹڈ ادویات پائی گئیں جس پر یہ تمام ادویات قبضہ میں لے لی گئیں اور تجزیہ و معائنہ کیلئے سی ڈی ایل کراچی کو بھیج دی گئیں۔ ان ادویات میں سٹیرائڈ اور دیگر مضر صحت اجزاء کی موجودگی کا شبہ ہے۔ اس فارمیسی کے خلاف مزید کارروائی ٹیسٹوں اور تجزیاتی رپورٹ آنے کے بعد ڈریپ ایکٹ 2012ء کے تحت کی جائے گی۔ ڈریپ کی ٹیم نے لاہور میں دواخانہ حکیم اجمل نامی مینوفیکچرز پر بھی چھاپہ مارا اور غیر صحت بخش ادویات برآمد کر لیں۔ ڈریپ کی ٹیم کے افسران، اسلام آباد کے ڈرگ انسپکٹر اور ایڈیشنل کمشنر اسلام آباد نے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے اور بنی گالہ میں واقع حاشر فارمیسی، علی کیمسٹ اور ایمان کیمسٹ کو سیل کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ آئی نائن میں نیشنل فارمیسی اور کریس ڈرمیٹالوجی کو ڈریپ ایکٹ 2012ء کی خلاف ورزی پر سر بمہرکر دیا۔ دریں اثناء ڈریپ کے ایک نمائندہ نے کہا ہے کہ ان کا ادارہ غیر قانونی ادویات کے گھناؤنے کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کرے گا۔