اسلام آباد: (ملت آن لائن) حکومت نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں 71 افراد کے بیرون ملک جانے پر پابندی عائد کردی، 54 افراد کے نام ای سی ایل میں جبکہ 17 کے اسٹاپ لسٹ میں شامل کئے گئے ہیں۔
وزرات داخلہ نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں مجموعی طور پر 71 افراد کے بیرون ملک جانے پر پابندی عائد کردی۔
حکومت نے 57 مشبتہ افراد کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں جبکہ 17 دیگر کے نام اسٹاپ لسٹ میں شامل کئے ہیں، یہ تمام افراد منی لانڈرنگ اور جعلی اکاؤنٹس کیس میں زیرتفتیش ہیں۔
جن افراد پر بیرون ملک جانے پر پابندی عائد کی گئی ہے ان میں اومنی گروپ کے سربراہ امجد مجید اور ان کا بیٹا عبدالغنی مجید بھی شامل ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ اسٹاپ لسٹ میں بینکرز اور کاروباری شخصیات سمیت 17 افراد کے نام شامل کئے گئے ہیں، ان تمام افراد پر بیرون ملک جانے سے قبل وزارت داخلہ یا سیکریٹری داخلہ سے اجازت لینا ضروری ہوگا۔
ای سی ایل میں شامل کئے گئے افراد میں سابق صدر آصف زرداری یا ان کے خاندان کے کسی بھی فرد کا نام شامل نہیں ہے۔ پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اوران کی بہن فریال تالپور بھی جعلی اکاؤنٹس اورمنی لانڈرنگ کیس میں زیر تفتیش ہیں۔
وفاقی حکومت نے آصف زرداری اور فریال تالپور کے نام پرویژنل نیشنل امیگریشن لسٹ میں شامل کر رکھے ہیں، دونوں کو بیرون ملک جانے سے قبل وزارت داخلہ یا عدالت سے اجازت لینا ہوگی۔
حکام کا کہنا ہے کہ تمام افراد کے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی منظوری وفاقی کابینہ سے لی جاچکی ہے۔