خبرنامہ پاکستان

جعلی فیصلوں کے تدارک کیلئے تجاویز آ گئیں

اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) دنیا نیوز نے پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اراضی سکینڈل بے نقاب کیا تھا۔ جعل سازوں نے ایک لاکھ ترانوے ہزار کینال اراضی کے جعلی عدالتی فیصلے بنا کر شہریوں کو بلیک میل کیا۔ دنیا نیوز کی خبر پر چیف جسٹس منصور علی شاہ نے نوٹس لیا تھا۔ عدالتی سماعت کے دوران عدالتی معاون جاوید رشید محبوبی نے جعلی عدالتی فیصلوں کی روک تھام اور ایسا جرم کرنے والوں کے خلاف تجاویز عدالت میں جمع کرا دیں۔ پنجاب حکومت کے وکیل نے جواب دینے کے لئے مہلت مانگ لی۔ متاثرہ افراد جنید باری اور میاں آفتاب نے عدالتی سماعت پر اعتماد کا اظہار کیا اور چیف جسٹس منصور علی شاہ کو خراج تحسین پیش کیا۔ چیف جسٹس نے متاثرہ افراد کو جعلی عدالتی فیصلوں سے متعلق ثبوت پنجاب حکومت اور عدالتی معاون کے حوالے کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 3 فروری تک ملتوی کر دی۔