خبرنامہ پاکستان

جعلی کرنل اورمیجرسمیت 5 جعلسازملزمان گرفتار

کراچی:(اے پی پی)فیروزآباد پولیس نے جعلی کرنل اور جعلی میجر سمیت 5 ملزمان کوگرفتار کرکے درجنوں پلاٹوں کی جعلی فائلیں اور سرکاری ملازمتوں کے جعلی تقررنامے برآمد کرلیے، ملزمان میرمنورعلی تالپور سمیت دیگر سیاسی شخصیات کے نیب میں قائم مقدمات ختم کرانے کا جھانسہ دیکر رقوم وصول کرچکے ہیں۔ فیروز آباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی کرنل محمد سجاد عرف کرنل سجاد، جعلی میجر نیازی، سید مجاہد حسین ، نور زمان عرف زمان شاہ اور طلال قریشی کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے درجنوں پلاٹوں کی جعلی فائلیں اور سرکاری محکموں میں نوکریوں کے جعلی تقرر نامے برآمد کرلیے، پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان اپنے آپ کو مختلف دفاتر اور مقامات پر جعلی آرمی افسر ظاہر کرکے شہریوں کو جعلی ملازمتوں کے تقرر نامے اور پلاٹوں کی جعلی فائلیں فروخت کرکے رقم وصول کرچکے ہیں۔ گرفتار ملزمان مختلف سیاسی،کاروباری اور سرکاری افسران کے خلاف نیشنل اکاؤنٹیبلٹی بیورو (نیب) میں درج مقدمات ختم کرانے کا جھانسہ دے کر ان سے رقم وصول کرچکے ہیں، ملزمان سندھ کی سیاسی شخصیت میر منور تالپور کو ان کے خلاف نیب میں درج مقدمات ختم کرانے پر بلیک میل کرتے رہے ہیں۔ پولیس کے مطابق درجنوں سیاستدان، سرکاری افسران اور ملازمین، تاجر، صنعتکار اور سفید پوش افراد اپنا نام منظر عام پر آنے کے خوف سے گرفتار ملزمان کے بارے میں کچھ بھی بتانے سے ڈر رہے ہیں، حالانکہ ملزمان نے دوران تفتیش اہم سیاست دانوں، سرکاری افسران اور کاروباری افراد جن کو انھوں نے بلیک میل کرکے رقوم لی ہیں کے بارے میں بتادیا ہے، پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان نے جیکب لائن کے رہائشی ندیم سے گلستان جوہر میں فلیٹ دلانے کے لیے ڈیڑھ لاکھ روپے لیے تھے پولیس نے ندیم کی مدعیت میں مقدمہ الزام نمبر 64/16 درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔