خبرنامہ پاکستان

جلد سماعت کے لئے درخواست دائر کی جائیں؛ چیئرمین نیب

جلد سماعت کے لئے درخواست دائر کی جائیں؛ چیئرمین نیب

اسلام آباد(ملت آن لائن) قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب کے 1138 بد عنوانی کے ریفرنسز احتساب عدالتوں میں زیرسماعت ہیں، ان مقدمات کی جلد سماعت کے لئے متعلقہ احتساب عدالتوں میں درخواست دائر کی جائیں تاکہ بدعنوان عناصر سے لوٹی گئی 900 ارب روپے کی خطیر رقم برآمد کرکے قومی خزانے میں جمع کرائی جائے اور ان کو احتساب عدالتوں سے قانون اور شواہد کے مطابق سزادلوائی جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیب ہیڈکوارٹر میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں نیب کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا ۔

اسے بھی پڑھیے …نیب پر اثاثے بنانے کاالزام

چیئرمین نیب نے نیب کے مختلف ریجنل بیوروز میں اس وقت جاری 499 انکوائریوں، 287 انویسٹی گیشنز کے بارے میں ہدایت کی ہے کہ بتایاجائے کہ یہ انکوائریاں اور انویسٹی گیشنز نیب کے مختلف علاقائی بیوروز میں جاری ہیں اور پہلے سے طے شدہ قانون کے مطابق ان انکوائریوں اور انویسٹی گیشنز کو 10ماہ کے مقررہ وقت کے اندر کیوں منطقی انجام تک نہیں پہنچایا گیا تاکہ ان کو بدعنوانی کے ریفرنس کی صورت میں احتساب عدالتوں میں دائر کیاجاتا۔ اس وقت نیب کے تقریباً 1138 بد عنوانی کے ریفرنسز احتساب عدالتوں میں زیر سماعت ہیں جن میں نیب لاہور کے 347، نیب کراچی کے 275 ، نیب خیبرپختونخوا کے 185، نیب بلوچستان کے 97، نیب راولپنڈی کے 171، نیب ملتان کے 34 اور نیب سکھر کے 29 ریفرنسز احستاب عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔ چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے کہا ہے کہ ان مقدمات کی جلد سماعت کے لئے متعلقہ احتساب عدالتوں میں درخواست دائر کی جائیں تاکہ بد عنوان عناصر سے لوٹی گئی تقریباً 900 ارب روپے کی خطیر رقم برآمد کرکے قومی خزانے میں جمع کرائی جائے اور ساتھ ساتھ بد عنوان عناصر کو احتساب عدالتوں سے قانون اور شواہد کے مطابق سزادلوائی جا سکے۔