خبرنامہ پاکستان

جماعت اسلامی کی کرپشن فری پاکستان تحریک کامیابی سے ہمکنار ہوگی: لیاقت بلوچ

لاہور(ملت + آئی این پی) جماعت اسلامی پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کی کرپشن فری پاکستان تحریک کامیابی سے ہمکنار ہوگی ،جماعت اسلامی نے کرپشن کے خلاف جس تحریک کا آغاز کیا تھا آج ملک کی تمام سیاسی جماعتیں چاہتے اور نہ چاہتے ہوئے بھی اس کی تقلید کررہی ہیں۔ہم تحریک انصاف دھرنے کی کامیابی کے لئے دعاگو ہیں، اگر حکومت نے بزور قوت دھرنے کو روکنے کی حماقت کی تو یہ اس کے گلے پڑ جائے گا اور پھر حکومت کاجاناٹھہر جائے گا۔جماعت اسلامی پنجاب کا اجتماع ارکان اور 30اکتوبر کو کرپشن مٹا? پاکستان بچا? مارچ کرپشن کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔ وہ جمعرات کو وحدت روڈ گرا?نڈ میں اجتماع کی تیاریوں کے جائزہ اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم ،ڈاکٹر فریداحمد پراچہ ،امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد ،ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید وقاص انجم جعفری ،ناظم اجتماع ذکر اللہ مجاہد،نذیر احمد جنجوعہ اور اجتماع کی انتظامی کمیٹیوں کے ناظمین بھی موجود تھے۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی کا کرپشن ختم کرنے کا محض نعرہ نہیں بلکہ ہماری قیادت اور کارکنان نے ملک میں اپنی امانت و دیا نت کا لوہا منوایا ہے اور ہمارا کوئی بدترین مخالف بھی ہمارے دامن پر کرپشن کا کوئی دھبہ نہیں دکھا سکتا۔کرپشن کے میگا سکینڈلز کی کسی لسٹ میں جماعت اسلامی کے کسی فرد کا نام نہیں آیا۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے پانامہ لیکس کے انکشاف سے بہت پہلے کرپشن کے خلاف تحریک کا آغاز کردیا تھا پانامہ لیکس تو اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہماری اس تحریک کی کامیابی کیلئے غیبی امداد ہے۔آج اگر ملک کی سیاسی جماعتیں کرپشن کے خلاف میدان میں ہیں اور ملک کا ہر فرد کرپشن کے خاتمہ کا مطالبہ کررہا ہے تو یہ جماعت اسلامی کی اس تحریک کی کامیابی ہے اور ہمیں امید ہے کہ اب وہ دن دور نہیں جب عوام کرپٹ ٹولے کو گریبانوں سے پکڑ کر اقتدار کے ایوانوں سے نکال باہر کریں گے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے کرپشن کی جڑیں کاٹنے کیلئے ایک صبر آزماجدوجہد کی ہے اور یہ اجتماع بھی اسی سلسلہ کی کڑی ہے۔اس سے قبل ہم نے کرپشن کے خلاف بلوچستان اور خیبر پختونخواہ میں بڑی کامیابی سے اجتماعات منعقد کئے ہیں جن میں عوام نے لاکھوں کی تعداد میں شریک ہوکر جماعت اسلامی کی اس تحریک کا ساتھ دینے کا عہد کیا ہے۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی پنجاب کا اجتماع ارکان ایسے وقت میں ہورہا ہے جب ملک میں کرپشن کے خلاف تحریک اپنے عروج پر ہے۔لاہور نے ہمیشہ قومی تحریکوں کی میزبانی کی ہے اور جس تحریک میں زندہ دلان لاہور شریک ہوجائیں وہ کامیابی سے ہمکنار ہوکر رہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اب کرپشن کے اڑدھے کا سر کچلنے کا وقت آگیا ہے تاکہ کرپٹ ٹولے کو جمہوریت کی آڑ میں اربوں روپے خرچ کرکے عوام کی گردنوں پر سوارہونے کا موقع نہ مل سکے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کی سیاست جاگیر داروں ،مفاد پرستوں اور چڑھتے سورج کے پجاریوں کے نرغے میں ہے ،یہ اجتماع عوام کو ان ظالم جاگیر داروں اور سرمایہ داروں سے نجات دلانے کا بھی ایک ذریعہ ثابت ہوگااور اس اجتماع کے ذریعے ہم کشمیریوں کو بھی یہ پیغام دیں گے کہ پورا پنجاب اور پاکستانی قوم کشمیر یوں کے ساتھ ہے اور جب تک انہیں حق خود ارادیت نہیں مل جاتا ہم ان کی سرپرستی جاری رکھیں گے۔اجتماع کے دوسرے دن برہان مظفروانی شہید کانفرنس ہوگی جس سے بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی اور آزاد و مقبوضہ کشمیر کی حریت قیادت خطاب کرے گی۔ اجتماع میں دینی جماعتوں کے قائدین اور کارکنان بھی شریک ہونگے۔