خبرنامہ پاکستان

جماعت اسلامی کا کرپشن کے خلاف یکم مئی سے ملک گیر احتجاج کا اعلان

لاہور:(آئی این پی) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کرپشن کے خلاف یکم مئی سے ملک گیر احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 68 سال سے جمہوریت اور احتساب کے نام پر دھوکا دیاجارہا ہے جب کہ جو رہنما اخلاقی گراوٹ میں ملوث ہیں انہیں قیادت کا حق نہیں ہونا چاہیے۔ لاہور میں حکمرانوں کی کرپشن کے خلاف جماعت اسلامی کے دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ عوام مزید کرپشن برداشت کرنے کے لیے تیار نہیں جب کہ حکمران پاکستان سے پیسے کما کر بیرون ملک لےجاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی بڑی شخصیات کےنام بھی پاناما پیپرز میں آئے ہیں جب کہ خورشید شاہ کو تجویز پیش کی تھی کہ اپوزیشن مل کر کمیشن کے ٹرم آف ریفرنس بنائیں کیوں کہ حکومت نے پاناما لیکس پر کمیشن میں من پسند ٹی او آرز شامل کیے جس پر تمام جماعتوں کو تحفظات ہیں لیکن اپوزیشن کے بہت سے لیڈر سوچ رہے ہیں آگے بڑھیں یا پیچھے ہٹیں۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ اخلاقی کرپشن پر بھی کمیشن بنانے کی ضرورت ہے اور جو رہنما اخلاقی گراوٹ میں ملوث ہیں انھیں قیادت کا حق نہیں ہونا چاہیے، قرضے حکمران لیتے ہیں اور ادا عوام کرتے ہیں ، پاکستان کی نصف آبادی پینےکےصاف پانی سے محروم ہے، لوگ غربت کے ہاتھوں اپنے اعضا بیچنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشی دہشت گردی سے بیس کروڑ عوام متاثر ہو رہے ہیں جب کہ ہمیں حکومت ملی توایوانوں میں بیٹھے چور،ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن کریں گے۔ میں خود اور اپنی ٹیم کو سب سے پہلے احتساب کے لیے پیش کرتا ہوں جب کہ نیب بھی مک مکا پر اتر آیا ہے۔