خبرنامہ پاکستان

جماعت اسلامی کی تحریک نےعوام کو بیدارکردیا، لیاقت بلوچ

لاہور(آئی این پی)جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے لاہور میں بیرون ملک سے آئے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کی کرپشن فری پاکستان تحریک نے عوام کو بیدار اور کرپٹ عناصر کو بے نقاب کر دیا ہے۔ عوام کرپشن کا خاتمہ اور کرپٹ عناصر کاسخت احتساب چاہتے ہیں۔لیاقت بلو چ نے کہا کہ جماعت اسلامی کا موقف ہے کہ حکومت اور اپوزیشن جماعتیں پانامہ پیپرز لیکس پر عدالتی کمیشن کے قیام کے لیے فرار کا تاثر نہ دیں۔نئی نئی قانونی موشگافیوں کی بجائے تمام تر دباؤ عدالتی کمیشن کے قیام پر بڑھایا جائے۔اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے 9؍اگست کو پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس بلانے کا عندیہ دیا ہے اب یہ وزیر اعظم نواز شریف کی ذمہ داری ہے کہ بحران اور بے یقینی ختم کریں اور پانامہ پیپرز لیکس کی تحقیقات اور احتساب و ٹرائیل کے لیے عدالتی کمیشن کے قیام کے راستہ کی رکاؤٹیں دورکریں۔لیاقت بلوچ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اپوزیشن جماعتیں قومی مسائل اور حکومتی ناکامیوں پر ایک موقف رکھتی ہیں،لیکن اپوزیشن کا مشترکہ پلیٹ فارم وجود میں نہیں آیا۔اپوزیشن جماعتیں اپنی اپنی بنیاد پر احتجاج کررہی ہیں۔ہم پی اے ٹی کے 6اگست اور پی ٹی آئی کے 7اگست کے احتجاجی پروگرام کی حمایت کرتے ہیں۔